دہلی: سنندا پشکر کی آخری رسومات ادا کی دی گئیں

آخری رسومات میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی
،تصویر کا کیپشنآخری رسومات میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی
    • مصنف, سہیل حلیم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دہلی
  • وقت اشاعت

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں انسانی وسائل کے وزیر ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر کی آخری رسومات ادا کی دی گئی ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سنندا پشکر کی آخری رسومات لودھی روڑ پر واقع چتا جلانے والے ایک مرکز میں ادا کی گئیں۔

اس موقع پر سنندا پشکر کے شوہر ششی تھرور، ان کے عزیزوں اور دوستوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گیے تھے۔

اس سے پہلے دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) کے ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ سنندا پشکر کی موت اچانک اور غیر فطری ہے۔

پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر سدھیر گپتا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ’سنندا پشکر کی موت اچانک اور غیر فطری تھی۔ ان کے جسم پر زخموں کے نشانات تھے‘ تاہم انھوں نے تفصیل بتانے سے گریز کیا۔

سینے میں تکلیف کے سبب ششی تھرور کو ایمس ہسپتال میں داخل کیا گيا ہے
،تصویر کا کیپشنسینے میں تکلیف کے سبب ششی تھرور کو ایمس ہسپتال میں داخل کیا گيا ہے

انھوں نے کہا کہ ’کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے ڈاکٹروں کو مزید طبی جانچ کرنی ہے اور ان کے جسم سے لیے گئے کئی نمونے لیب روانہ کیے گئے ہیں جس کے بعد ہی کوئی حتمی بات کہی جا سکتی ہے۔‘

دوسری جانب ششی تھرور اپنی بیوی سنندا پشکر کی موت کے بعد دلی کےمعروف ہسپتال ایمس سے گھر بھیج دیا گیا ہے۔ وہ رات دیر گئے سینے میں تکلیف کے باعث وہاں علاج کے لیے داخل کرائے گئے تھے۔

ایمس کے ترجمان ڈاکٹر امت گپتا نے بی بی سی کو بتایا کہ ششی تھرور کو سنیچر کی صبح ساڑھے تین اور چار بجے کے درمیان سینے میں تکلیف کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ انھیں ’دل کی دھڑکن‘ بڑھنے کی وجہ سے ہسپتال لایا گیا تھا۔ ڈاکٹر گپتا کے مطابق اب ان کی حالت مستحکم ہے۔

مرکزی وزیر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی موت کے بعد دلی پولیس ہوٹل کے ملازمین سے پوچھ گچھ میں لگی ہے۔

ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر جمعہ کو دلی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں مردہ پائی گئی ہیں۔ ان کی عمر باون سال تھی۔

پولیس نے اس واقعے کے بعد ہوٹل کے کمرے کو سیل کر دیا تھا۔ سنندا کی لاش کا پوسٹ مارٹم آج سنيچر کو ہوگا اس کے بعد ہی ان کی موت کی وجہ پر کوئی روشنی پڑ سکتی ہے۔

پولیس کو شبہہ ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہو سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سنندا پشکر کی لاش ہوٹل لیلا کے کمرہ نمبر 345 میں ملی۔

دلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے بی بی سی سے بات چیت میں ان کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

ششی تھرور کے سیکریٹری کے مطابق سنندا کی لاش جمعے کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے اس وقت ملی جب ششی تھرور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد ہوٹل واپس آئے۔

سیکریٹری کے مطابق ان کے کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا اور ہوٹل کے عملے کو دروازہ توڑ کر اندر داخل ہونا پڑا۔

بھارتی میڈیا میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ انہوں نے خودکشی کی ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ موت کے وقت اور وجہ کے بارے میں پوسٹ مارٹم کے بعد ہی کچھ کہا جاسکتا ہے۔

پولیس نے ہوٹل کے اس کمرے کو سیل کر دیا ہے اور مجسٹریٹ بھی موقع پر پہنچ گئے۔

ششی تھرور نے سنندا پشکر سے سنہ 2010 میں شادی کی تھی۔ گذشتہ دو تین دن سے وہ ایک تنازع میں گھری ہوئی تھیں کیونکہ انہوں نے اپنے شوہر اور ایک پاکستانی خاتون کالم نگار پر پہلے یہ الزام لگایا تھا کہ ان کا آپس میں تعلق ہے اور اخبارات سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ششی تھرور سے طلاق لینے والی ہیں۔

لیکن ٹوئٹر پر ان پیغامات کے بارے میں ششی تھرور نے کہا تھا کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا تھا اور وہ جلد ہی اس مسئلے کو حل کر کے اکاؤنٹ بحال کریں گے۔

پاکستانی صحافی نے بھارتی ٹی وی چینلوں سے بات کرتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کر دیا تھا لیکن دونوں کے درمیان لفظوں کی جنگ اور الزام تراشی کا سلسلہ تقریباً چھتیس گھنٹے تک ٹی وی چینلوں پر چھایا رہا۔

جمعرات کو ششی تھرور اور سنندا پشکر نے ایک مشترکہ بیان جاری کر کے کہا تھا کہ ان کی شادی شدہ زندگی بہت خوشگوار ہے اور رہے گی۔

پاکستانی کالم نگار نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انھوں نے لکھا ہے کہ وہ اس واقعہ سے صدمے میں ہیں: ’میں کافی صدمے میں ہوں۔ یہ کافی افسوسناک ہے۔ میں نہیں جانتی کہ مجھے کیا کہنا چاہیے۔ ریسٹ ان پیس سنندا۔‘

ششی تھرور نے سنندا پشکر سے دو ہزار دس میں شادی کی تھی
،تصویر کا کیپشنششی تھرور نے سنندا پشکر سے دو ہزار دس میں شادی کی تھی

ششی تھرور کے بیٹے يشان تھرور نے بھی ٹوئٹر پر لوگوں سے اپنے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل کی ہے۔

سنندا پشکر پہلی مرتبہ دو ہزار نو میں سرخیوں میں آئی تھیں جب انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے نئی ٹیموں کو لائسنس جاری کیے جا رہے تھے۔

اس وقت یہ الزام سامنے آیا تھا کہ ایک ٹیم کو فرینچائز دلوانے کے لیے انہوں نے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کیا تھا اور اس کے عوض انہیں اس ٹیم میں حصہ دیا گیا تھا۔

اس تنازع کی وجہ سے ششی تھرور کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔ وہ اس وقت خارجہ امور کے وزیر مملکت تھے۔ بعد میں ششی تھرور نے سنندا پشکر سے شادی کر لی تھی۔

سنندا پشکر کے قریبی دوست اور سینیئر صحافی ویرسنگھوی نے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ وہ کافی دنوں سے ڈپریشن کا شکار تھیں۔

ششی تھرور نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ بیمار ہیں اور انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور اب وہ آرام کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

وزیر کے سیکریٹری کے مطابق مسٹر تھرور اور سنندا پشکر کل سے ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے تھے کیونکہ ان کے سرکای گھر میں کچھ کام چل رہا تھا۔

دلی پولیس کے ترجمان راجن بھگت نے کہا ہے کہ چونکہ سنندا کی شادی کو ابھی سات سال نہیں ہوئِے ہیں لہذا ان کی موت کی مجسٹریٹ سے انکوائری کرائی جائِے گی۔