نریندر مودی آسٹریلوی پارلیمان سے خطاب کریں گے

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آسٹریلیا کے دورے کے موقعے پر سڈنی میں بھارتی باشندوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔
ان کے اعزام میں ایک استقبالیہ منعقد کیا گیا ہے جو کہ کسی بھی بھارتی رہنما کے لیے 28 سال میں منعقد کیا جانے والا پہلا استقبالیہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس میں 15 ہزار سے زیادہ افراد کے شامل ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
جی20 ممالک کی سربراہی کانفرنس میں شامل ہونے کے لیے نریندر مودی گذشتہ ہفتے برزبین آئے تھے۔ منگل کو وہ آسٹریلوی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے دارالحکومت کینبرا میں خطاب کریں گے۔
اس کے علاوہ کان کنی کے شعبے میں کام کرنے والی بھارتی کمپنی ادانی نے، جسے بھارتی حکومت کا تعاون حاصل ہے، پیر کو آسٹریلوی ریاست کوینزلینڈ کے ساتھ کوئلے کی کان، ریل اور بندرگاہ کے پروجیکٹ کے لیے سات ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہEPA
ادانی نے کوینزلینڈ میں کوئلے کی کان کنی کے لیے بھارتی بینک انڈین بینک کے ساتھ ایک ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے جسے وہ سنہ 2017 تک پورا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
آسٹریلیا نے ماحولیات پر خاطر خواہ اثرات کے باوجود اس پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے۔
سڈنی روانہ ہونے سے قبل پیر کو نریندر مودی نے برزبین میں آسٹریلیا کے تجارتی رہنماؤں سے خطاب کیا اور انھیں بھارت میں بہتر سرمایہ کاری کے مواقع کی یقین دہانی کرائی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا: ’بہتر حکمرانی تبدیلی کا نقطۂ آغاز ہے اور یہ تجارت کے لیے بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا عوام کے لیے۔ آپ بھارت میں تبدیلی پائیں گے۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئي کے مطابق ’مودی ایکسپریس نام کی ایک سپیشل ٹرین 200 مسافروں کو لے کر میلبرن سے سڈنی کے لیے اتوار کو روانہ کی گئی۔
اسے ایک آسٹریلوی وزیر نے جھنڈا دکھا کر روانہ کیا۔
سڈنی میں ریسپشن کے منتظمین یہ امید ظاہر کر رہے ہیں کہ گذشتہ دنوں امریکہ کے دورے پر نیویارک کے میڈیسن سکوئر پر مودی کے استقبالیہ میں جتنے لوگ آئے تھے یہاں اس سے زیادہ لوگوں کی آمد کی توقع ہے۔



















