چین اور تائیوان کے سربراہان کی پہلی ملاقات طے

سنگا پور میں چین اور تائیوان کے صدور کی ملاقات تاریخی اہمیت کی حامل ہوگی
،تصویر کا کیپشنسنگا پور میں چین اور تائیوان کے صدور کی ملاقات تاریخی اہمیت کی حامل ہوگی
وقت اشاعت

تائیوان کا کہنا ہے کہ سنیچر کو ملک کے صدر ما ینگ جیو اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے سنگا پور میں ملاقات کریں گے۔

خیال رہے کہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہوگی۔

تائیوان میں حکومت کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ دونوں رہنما اس ملاقات میں باہمی تعلقات پر بات چیت کریں گے۔

تاہم دوسری جانب چین نے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

خیال رہے کہ چین کے قوم پرست رہنما سنہ 1949 میں کمیونسٹوں کے ساتھ خانہ جنگی کے بعد تائیوان بھاگ گئے تھے۔

یہ دونوں ممالک سنہ 1949 میں چین کی خانہ جنگی کے دوران الگ ہو گئے تھے تاہم چین تائیوان کو اپنا حصہ تصور کرتا ہے۔

تائیوان میں حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین اور تائیوان کے سربراہان کی ملاقات میں کسی معاہدے پر دستخط نہیں کیے جائیں گے اور نہ ہی کوئی بیان جاری کیا جائے گا۔ صدر ما ین جیو جمعرات کو اپنی پریس کانفرنس میں انپے اس فیصلے کی وضاحت کریں گے۔

چین اور تائیوان کے درمیان صدر ما ینگ جیو کے دور میں تعلقات میں گرم جوشی دیکھنے میں آئی ہے۔ صدر اگلے برس تک اس عہدے پر رہیں گے۔