بلوچستان کے کئی علاقوں میں برفباری

وقت اشاعت

کوئٹہ سمیت صوبہ بلوچستان کے زیادہ تر علاقوں میں برفباری سے لوگوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور افغانستان اور توبہ اچکزئی کا بلوچستان سے سڑک کے راستے رابطہ منقطح ہوگیا۔

دوسری جانب کوئٹہ شہر کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد برفباری سے لطف اندوز بھی ہو رہی کیونکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثرعلاقوں میں تقریباً تین سال بعد برفباری ہوئی ہے۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق سنیچرکے روز کوئٹہ، چمن، پشین، زیارت، قلات اور صوبے کے دیگرعلاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری تھا۔

صوبے کے زیادہ ترپہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ برفباری کے باعث گیس کے پریشر میں بھی کمی ہوئی ہے جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مستونگ، قلات، چمن، زیارت اورپشین میں برفباری سے سفر کرنے والوں کو نہ صرف مشکلات کا سامناکرنا پڑا بلکہ کوژک کے مقام پر ایک فٹ سے زیادہ برفباری کے باعث افغانسان اور پاکستان کے درمیان سڑک کے راستے جانے والی ٹریفک مکمل طور پر بند ہوگئی۔

زرعی ماہرین کے مطابق حالیہ برفباری سے اس سال زراعت کو بہت فائدہ ہوگا۔