برطانیہ: بم نصب کرنےکی سازش کا اقبالِ جرم
وقت اشاعت
برطانیہ میں چار افراد نے لندن سٹاک ایکسچینج میں بم نصب کرنے کی سازش کرنے کا اقبالِ جرم کیا ہے۔
برطانیہ کے شہر کارڈف اور لندن سے تعلق رکھنے والے ان برطانوی شہریوں پر جاسوسوں نے نظر رکھی ہوئی تھی اور حملہ کرنے سے قبل ہی دسمبر 2010 میں انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
محمد چوہدری، شاہ رحمان، گروکانت دیسائی اور عبدل میاں نام کے ان چاروں ملزمان نے عدالت کے سامنے قبول کیا کہ وہ لندن سٹاک ایکسچینج کے بیت الخلاء میں گھریلو ساخت کا بم لگانے کی تیاری کر رہے تھے۔
انہوں نے عدالت کو بتایا کہ کس طرح انہوں نے لوگوں کو خوفزدہ کرنے اور معیشت کو نقصان پہنچانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
دیگر پانچ افراد نے دہشت گردی کے دوسرے واقعات کے لیے اقبالِ جرم کیا ہے۔
ان چاروں کا کہنا تھا کہ وہ شدت پسند انوراولاوکی کی تبلیغ سے متاثر ہوئے تھے جو گزشتہ ستمبر میں یمن میں ہلاک ہو گئے تھے۔















