غیر مناسب تصاویر شائع ہونے پر رونی کی غیر مشروط معافی

،تصویر کا ذریعہRex Features
انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان وین رونی نے عبوری مینیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ سے ٹیم کے ہوٹل میں بین الاقوامی ڈیوٹی کے دوران ایک شادی کی تقریب کی تصاویر سامنے آنے پر غیر مشروط معافی مانگی ہے۔
وین رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک بیان میں انھوں نے ان تصاویر کو 'غیر مناسب' قرار دیا۔
اخبار دی سن نے ان تصاویر کو شائع کیا تھا جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رونی نے سنیچر کی رات شراب پی ہوئی تھی۔
انگلینڈ نے جمعے کو کھیلے جانے والے فٹبال کے عالمی کپ کے کوالیفائنگ میچ میں سکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی۔
دوسری طرف انگلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کی فرصت کے اوقات کے بارے میں اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے گی۔
رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ انھیں ان کےمداحوں کے ساتھ لی جانے والی تصاویر کے شائع ہونے پر افسوس ہے۔
بیان کے مطابق اگرچہ اس دن انگلینڈ کے پورے سکواڈ اور سٹاف کی چھٹی تھی تاہم وہ اس بات کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں کہ شائع ہونے والی تصاویر 'غیر مناسب' تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رونی نے اس تصاویر کے شائع ہونے کے بعد عبوری مینیجر گیرتھ ساؤتھ گیٹ اور انگلینڈ کی فٹبال ایسوسی ایشن کے تکنیکی ڈائریکٹر ڈین ایش روتھ سے 'غیر مشروط' معافی مانگی۔
رونی کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق وہ اپنے نوجوان مداحوں سے بھی معافی مانگتے ہیں جنھوں نے ان تصاویر کو دیکھا ہے۔



















