ہوپ کی شاندار سنچری، ویسٹ انڈیز کی انگلینڈ پر تاریخی فتح

،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہیڈنگلے میں کھیلے جانے والے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں شائی ہوپ کی سنچری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
یہ 17 برس میں پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر کسی ٹیسٹ میچ میں ہرایا ہے۔
شائی ہوپ نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی سنچری سکور کی اور اپنی ٹیم کو ایک ناقابل یقین فتح سے ہمکنار کرایا۔
انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز چوتھے دن کے آخری سیشن میں 490 رنز پر ڈکلیئر کر دی تھی اور ویسٹ انڈیز کو جیتنے کے لیے 322 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پانچویں دن ویسٹ انڈیز کی ابتدائی دو وکٹیں تو 50 رنز کے اندر گر گئیں لیکن پھر بریتھ وٹ اور شائی ہوپ کے درمیان 145 رنز کی شراکت نے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کر دیا۔
چائے کے وقفے پر اوپنر بریتھ ویٹ 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے اور دوسری اننگز میں سنچری بنانے سے محروم رہے لیکن ہوپ نے عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور دوسری اننگز میں بھی سنچری مکمل کی۔

،تصویر کا ذریعہGareth Copley
بریتھ وٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد انھوں نے پہلے روسٹن چیز اور پھر بلیک وڈ کے ساتھ اہم شراکتیں قائم کیں اور ٹیم کو تاریخی فتح دلوا دی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہوپ 118 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انھوں نے میچ کی پہلی اننگز میں 147 رنز بنائے تھے اور بریتھ ویٹ (134) کے ساتھ مل کر 246 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈریسن جنھیں ٹیسٹ میچوں میں 500 وکٹیں مکمل کرنے کے لیے صرف تین وکٹیں درکار تھیں دوسری اننگز میں کوئی وکٹ نہ لے سکے۔
اس سے پہلے برمنگھم میں کھیلے جانے والے اس سیریز کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو ایک اننگز اور 209 رنز سے شکست دی تھی۔




















