ڈیوس کپ: پاکستان کی تھائی لینڈ کے خلاف جیت

،تصویر کا ذریعہAFP
اسلام آباد میں پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے ڈیوس کپ ایشیا اوشنیا گروپ ٹو کے مقابلوں میں پاکستان نے تین دو سے فتح حاصل کر کے گروپ ون میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کے نمبر ٹو عقیل خان نے تھائی لینڈ کے کٹی فونگ وچیرا مانوونگ کو سخت مقابلے کے بعد پانچ سیٹس میں شکست دے کر پاکستان کی اگلے گروپ میں رسائی ممکن بنائی۔
پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے گراس کورٹ میں تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اس میچ کا جب آغاز ہوا تو عقیل خان نے جارحانہ کھیل کے ساتھ شروع کے دو سیٹس 6-4 اور 6-3 سے جیت لیے۔ اس وقت لگ رہا تھا کہ وہ یہ مقابلہ باآسانی جیت جائیں گے لیکن تھائی کھلاڑی نے اپنے کم بیک کا شاندار مظاہرہ کیا اور اگلے دو سیٹس میں 6-3 اور 6-2 سے کامیابی حاصل کر کے میچ برابر کر دیا۔
مگر آخری سیٹ میں پاکستان کے عقیل خان نے اپنے تمام تر تجربے کو برؤے کار لاتے ہوئے تھائی کھلاڑی کو آسانی کے ساتھ زیر کر لیا اور 6-2 سے فتح حاصل کر لی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
آج جب دن شروع ہوا تو پاکستان کو تھائی لینڈ پر 2-1 سے برتری حاصل تھی لیکن پاکستان کے نمبر ایک اعصام الحق تھائی لینڈ کے وشایا ٹرونگ چاراؤنچائکل سے ایک زبردست مقابلے کے بعد ہار گئے۔
چار گھنٹے تک جاری رہنے والے اس میچ میں تھائی کھلاڑی نے پہلے دو سیٹ جیت کر برتری حاصل کر لی تھی لیکن بعد میں اعصام نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اگلے دونوں سیٹ جیت لیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
آخری سیٹ کے اوائل میں اعصام کو اپنے مد مقابل کی سروس بریک کرنے کے تین مواقع ملے لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہوئے اور ساتھ ساتھ پٹھے کھنچ جانے کی وجہ سے انھیں کھیلنے میں مشکل پیش آنے لگی جس کے بعد وشایا نے 7-5، 7-6، 6-4، 6-7 اور 7-6 سے میچ جیت لیا۔
جمعے کو کھیلے گئے میچوں کے بعد پاکستان نے دو صفر سے برتری حاصل کر لی تھی لیکن سنیچر کو ڈبلز کے مقابلوں میں تھائی لینڈ نے فتح حاصل کی تھی۔





















