کولکتہ ٹیسٹ ڈرا، بھونیشور کمار کی عمدہ بولنگ

کرکٹ
،تصویر کا کیپشنانڈین کپتان وراٹ کوہلی نے شاندار سنچری سکور کی
وقت اشاعت

انڈیا کے شہر کولکتہ میں انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغٖیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے۔

کھیل کے پانچویں روز انڈیا نے سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 50 اوورز میں 231 رنز کا ہدف دیا تاہم جب کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو اس وقت سری لنکا کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 75 رنز ہی بنا سکی تھی۔

231 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور کوئی بھی بیٹسمین انڈین بولرز کا اعتماد کے ساتھ سامنا نہ کر سکا۔

انڈیا کی جانب سے بھونیشورکمار نے چار، محمد شامی نے دو اور امیش یادو نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بھونیشور کمار نے میچ میں مجموعی طور پر آٹھ وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ کے حق دار قرار پائے۔

کرکٹ
،تصویر کا کیپشنرنگانا ہیراتھ نے اپنی ٹیم کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا

اس سے قبل انڈیا نے اپنی دوسری اننگز 352 رنز آٹھ کھلاڑی آوٹ پر ڈکلیر کر دی تھی جس میں کپتان وراٹ کوہلی کے صرف 119 گیندوں پر 104 رنز اور شکھر دھون کے 94 رنز شامل تھے۔

سری لنکا کی جانب سے سرنگا لکمل نے اننگز میں تین وکٹیں حاصل کی اور سپنر شناکا نے بھی تین وکٹیں لے کر ان کا ساتھ دیا۔

چوتھے دن کے اختتام تک انڈیا کے اووپنرز نے سری لنکا کی 122 رنز کی برتری ختم کر دی تھی اور وکٹ پر لوکیش راہول اور چتیشور پجارا موجود تھے۔

سری لنکا کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 294 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی اور اس نے انڈیا پر 122 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔

چوتھے روز کے میچ کے آغاز پر انڈیا کے میڈیم فاسٹ بولر محمد شامی نے یکے بعد دیگرے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ پہلی اننگز میں انھوں نے مجموعی طور پر چار وکٹیں حاصل کیں اور چار وکٹیں بھونیشور کمار کے حصے میں آئیں جبکہ امیش یادو نے دو وکٹیں لیں۔