یوسین بولٹ کا تیسرا طلائی تمغہ

یوسین بولٹ
،تصویر کا کیپشنبولٹ کو کم فاصلے کی ریس میں تاریخ کا بہترین ایتھلیٹ قرار دیا جا رہا ہے
وقت اشاعت

جمیکا کے یوسین بولٹ نے برلن میں جاری عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں میں ایک سو اور دو سو میٹر ریس میں اپنے ہی قائم کردہ عالمی ریکارڈ توڑنے کے بعد چار ضرو سو میٹر ریلے ریس میں بھی طلائی تمغہ جیت لیا ہے۔

یہ بولٹ کا تیسرا اور جمیکا کا مجموعی طور پر ساتواں طلائی تمغہ ہے۔

جمیکن ٹیم نے چار ضرب سو میٹر ریلے ریس سینتیس اعشاریہ تین سیکنڈ میں جیتی جبکہ ٹرینیڈاڈ نے چاندی اور برطانیہ نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

اس دوڑ کے سیمی فائنل مقابلوں میں امریکی ٹیم کے باہر ہونے کے بعد جمیکا کو ریس جیتنے کے لیے فیورٹ تصور کیا جا رہا تھا۔ بولٹ کے علاوہ جمیکن ٹیم میں سابق عالمی ریکارڈ ہولڈر اوصافہ پاول، مائیکل فریٹر اور سٹیو ملنگز شامل تھے۔

خیال رہے کہ یوسین بولٹ ایتھلیٹکس کی تاریخ کے وہ واحد ایتھلیٹ ہیں جو بیک وقت سو اور دو سو میٹر مقابلوں کے عالمی اور اولمپک چیمپئن ہیں اور بولٹ نے یہ دونوں مقابلے جیتنے کے بعد تھکان کا اظہار کیا تھا جس کے بعد ریلے ریس کے ابتدائی مقابلوں میں انہیں آرام دیا گیا تھا۔

بولٹ نے بیجنگ کے اولمپکس مقابلوں میں تین ریکارڈ بنائے تھے۔ اب برلن میں ان کی کارکردگی کے بعد انہیں تاریخ کا بہترین تیز دوڑنے والا ایتھلیٹ سمجھا جا رہا ہے۔