افتتاحی میچ میں سری لنکا کی فتح

ایک روزہ مقابلوں میں سماراویرا کی پہلی سنچری اور لستھ ملنگا کی عمدہ بالنگ کی بدولت سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو سہ ملکی کرکٹ سیریز کے افتتاحی میچ میں ستانوے رنز سے شکست دے دی ہے۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوور میں سات وکٹ کے نقصان پر دو سو سولہ رن بنائے تاہم اس ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم سینتیسویں اوور میں ایک سو انیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
<link type="page"><caption> سری لنکا کی فتح: تصاویر میں</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2009/09/090909_pics_lanka_win_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو اس کی آدھی ٹیم صرف انہتر کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئی۔ اس موقع پر مڈل آرڈر بلے باز تھلان سماراویرا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف سری لنکن ٹیم کو مشکلات سے نکالا بلکہ ایک روزہ مقابلوں میں اپنی سنچری بھی مکمل کی۔ سماراویرا ایک سو چار رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے اینڈ پر آل راؤنڈر انیجلو میتھیوز نے بھی سمارویرا کا ساتھ دیا اور اکیاون رنز کی کارآمد اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے شین بونڈ نے تین جبکہ بٹلر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دو سو سترہ رن کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور اس کے ابتدائی چھ کھلاڑی صرف اکتالیس کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر ایلیٹ نے اکتالیس رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ پر نیوزی لینڈ کے کھلاڑی یکے بعد دیگرے آٰؤٹ ہوتے رہے اور پوری ٹیم صرف ایک سو انیس رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
سری لنکا کی جانب سے لستھ ملنگا نے چار جبکہ جے سوریا اور کلاسیکرا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
سہ ملکی سیریز میں اب نیوزی لینڈ کا مقابلہ جمعہ کو بھارت سے ہوگا اور اس میچ میں شکست کی صورت میں اس کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات ختم ہوجائیں گے۔















