بھارت کے لیے نہایت اہم میچ

جنوبی افریقہ میں جاری چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سوموار کو دفاعی چیمپیئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔
بھارت کی ٹیم ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا میچ پاکستان سے چون رنز سے ہار گئی تھی اور ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں جانے کے لیے اسے یہ میچ لازمی جیتنا ہو گا۔
بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی کے مطابق ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان سے شکست کے بعد اب ہر میچ ناک آؤٹ ہو گا۔ انہوں نے کہا ’اگر ہم اچھا نہیں کھیلتے تو ہمیں سامان سمیٹ کر گھر واپس جانا ہو گا۔‘
مہندر سنگھ دھونی نے آل راؤنڈر یوراج سنگھ جو چوٹ لگنے کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں کی کمی کو محسوس کرتے ہوئے کہا کہ یوراج سنگھ ہر میچ میں چھ سے سات مفید اورز کرتے تھے جس کی وجہ سے بیٹنگ اور بالنگ میں ان کی جگہ پُر کرنا مشکل ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ماحول کے مطابق خود کو ڈھالنا ہو گا اور پہلے سے بہت بہتر کھیلنا ہو گا۔
بھارت کے مد مقابل آسٹرلیا نے ویسٹ انڈیز کو پچاس رنز سے شکست دی تھی تاہم کپتان رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ ’ہمیں بھارت کو شکست دینے کے لیے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔‘
بھارت کے بالروں کو آسٹریلیا کی مضبوط بیٹنگ لائن کے خلاف سخت محنت کرنا ہو گی کیونکہ آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر میچل جانسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سینتالیس گیندوں پر تہتر رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی ممکنہ ٹیم: رکی پونٹنگ، مائیکل کلارک، کالم فرگوسن، نیتھن ہرٹز، بین ہلفنہاس، جیمز ہوپس، مچل جونسن، بریٹ لی،ٹم پین، پیٹر سڈل، آدم ووگز، شین واٹسن، کیمرون وائٹ۔
بھارت کی ممکنہ ٹیم: سچن تندولکر، مہندر سنگھ دھونی(کپتان)، گوتم گمبھیر، راہول ڈراوڈ، ویرت کوہلی، یوسف پٹھان، ہربھجن سنگھ، آر پی سنگھ، اشیش نہرا اور ایشانت شرما















