شعیب آپریشن، بورڈ خرچہ اٹھانے سے انکاری

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب اختر کے گھٹنے کے آپریشن کے اخراجات اٹھانے سے انکار کر دیا ہے۔
فاسٹ بولر شعیب اختر آئندہ ہفتے انگلینڈ میں اپنے گھٹنے کا آپریشن کرائیں گے۔
شعیب اختر نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیر کے روز انگلینڈ روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ گھٹنے کاآپریشن کرائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ چھ ہفتے کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شعیب پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے ان فٹ نہیں ہوئے ہیں اور سینٹرل کنٹریکٹ میں ایسی کوئی شق موجود نہیں کہ اگر کوئی کھلاڑی پاکستان کی طرف سے نہ کھیلتے ہوئے ان فٹ ہو تو کرکٹ بورڈ اس کا علاج کرائے۔ تاہم ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر شعیب اختر نے اپنے علاج کے معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے درخواست کی تو اس پر غور کیا جاسکتا ہے۔
شعیب اختر اس معاملے پر براہ راست کچھ کہنے سے گریز کررہے ہیں تاہم ان کے قریبی ذرائع کا دعوٰی ہے کہ شعیب اختر کے آپریشن سے متعلق خود پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل کمیشن تصدیق کرچکا ہے اور یہ درخواست کرکٹ بورڈ کو تین ہفتے ہوئے بھیجی جا چکی ہے۔
شعیب اختر ایک ایسے وقت میں انگلینڈ جا رہے ہیں جب پاکستان میں فرسٹ کلاس سیزن شروع ہونے والا ہے اور وہ کم ازکم چھ فرسٹ کلاس میچز نہیں کھیل سکیں گے۔اس کے علاوہ وہ نیوزی لینڈ کےخلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھی دستیب نہیں ہوں گے۔
اس سلسلے میں چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سلیکشن کے لیے فٹنس اور کارکردگی اولین شرط ہے۔ خیال رہے کہ شعیب اختر دوسال سے کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلے جبکہ انہوں نے آخری ون ڈے اس سال مئی میں آسٹریلیا کے خلاف ابوظہبی میں کھیلا تھا۔















