مانچیسٹر یونائیٹڈ اور چیلسی کی فتح

مانچیسٹر یونائیٹڈ نے سی ایس کے اے ماسکو کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا ہے۔
مانچیسٹر یونائیٹڈ کے اینٹونیو ویلنشیا نے میچ کے آخری لمحات میں گول کر کے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی۔ اس سے کچھ لمحے پہلے ویلنشیا نے ایک زبردست کک لگائی جو کہ گول پوسٹ کے ساتھ لگ کر واپس آ گئی۔
اس کھیل کے لیے میدان میں نئی مصنوئی گھاس لگائی گئی تھی۔ اگرچہ سی ایس کے اے اس طرح کی پچ سے زیادہ آگاہ تھی لیکن مانچیسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم اس پر زیادہ پرسکون انداز سے کھیلی۔
مانچیسٹر یونائیٹڈ کی اس جیت کے بعد کلب نے اجاکس کلب کا لگاتار چیمپیئنز لیگ کے چودہ میچ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔
مانچیسٹر یونائیٹڈ کے مینیجر سر ایلکس فرگوسن نے ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس ریکارڈ کو برابر کرنا ان کی ٹیم کی پختگی کا ثبوت ہے۔
دوسری طرف انگلینڈ کے دوسرے کلب چیلسی نے آسانی کے ساتھ ایٹلیٹکو میڈرڈ کو چار۔صفر سے ہرا کر اپنے گروپ میں فتح حاصل کی ہے۔
چیلسی کی طرف سے سیلومون کالوؤ نے دو جبکہ فرینک لیمپارڈ نے ایک گول کیا جبکہ چوتھا گول ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کھلاڑی کے سر کے ساتھ گیند لگنے سے اپنے گول میں جانے سے ہوا۔
چیلسی کی ٹیم میچ کے آغاز سے ہی کھیل پر چھائی رہی اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کو کوئی موقعہ نہ دیا کہ وہ اس پر دباؤ ڈال سکے۔















