مصباح الحق نیوزی لینڈ جائیں گے

فائل فوٹو
،تصویر کا کیپشنمصباح الحق ہفتے کو نیوزی لینڈ روانہ ہونگے
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد یوسف کی خواہش پر مڈل آرڈر بیٹسمین مصباح الحق کو نیوزی لینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مصباح الحق کو چیمپئنز ٹرافی کے بعد خراب فارم کی بنا پر نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد وہ قائداعظم ٹرافی کا ایک میچ کھیلے تھے جس میں انہوں نے ڈبل سنچری بنائی تھے اور پھر لیگ کھیلنے بنگلہ دیش چلے گئے تھے۔

یونس خان کے نیوزی لینڈ کے دورے سے دستبردار ہونے کے بعد کپتان محمد یوسف کی خواہش تھی کہ مصباح الحق کو نیوزی لینڈ کے دورے پر بلایا جائے لیکن سلیکشن کمیٹی نے ان کی یہ درخواست رد کردی تھی تاہم اب اسے کپتان کی خواہش کے آگے سرتسلیمِ خم کرنا پڑا ہے۔

غورطلب بات یہ ہے کہ نیوزی لینڈ میں پہلے ہی سترہ رکنی ٹیم موجود ہے اور مڈل آرڈر بیٹسمین فیصل اقبال پہلا موقع ملنے کے منتظر ہیں۔

مصباح الحق اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں ون ڈاؤن پوزیشن پر کھیلنے کے بعد ہمیشہ پانچویں نمبر پر کھیلتے رہے ہیں۔انہوں نے پندرہ ٹیسٹ میچوں میں دو سنچریوں اور تین نصف سنچریوں کی مدد سے871 رنز بنائے ہیں۔