اینڈرسن کی تباہ کن بولنگ، انگلینڈ جیت گیا

انگلینڈ نے کیپ ٹاؤن میں جنوبی افریقہ کو چوتھا ایک روزہ میچ ہرا کر سیریز میں دو ایک سے برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ کی اننگز کی خاص بات بولر جیمز اینڈرسن کی بولنگ تھی۔ انہوں نے اپنے ایک روزہ کیریئر میں پہلی مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کر کے انگلینڈ کو برتری دلوائی۔
جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ کے دوسرے ہی اوور میں کپتان گریم سمتھ کو سٹورٹ براڈ نے آؤٹ کر دیا۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 119 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔
اینڈرسن کے پہلے تین اووروں میں انہیں کوئی وکٹ نہیں ملی لیکن اس کے بعد آخری چھ وکٹوں میں سے وہ پانچ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ اینڈرسن کو پہلے تین اوورز میں پندرہ رنز پڑے لیکن اس کے بعد کے پانچ وکٹ انہیں صرف آٹھ رنز کے عوض ملے۔ انہوں نے دس اوورز میں تیئس رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے پیٹرسن سب سے کامیاب بیٹسمین رہے۔ انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے اکیاون رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 36.5 اووروں میں آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کے بیٹسمینوں کے لیے یہ کوئی مشکل ہدف نہیں تھا۔ انہوں نے آسانی کے ساتھ تین وکٹوں کے نقصان پر اسے حاصل کر لیا۔
جے ٹروٹ باون رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ ناٹ آؤٹ رہنے والے دوسرے کھلاڑی ای مارگن تھے جنہوں نے اٹھائیس رنز بنائے۔
انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں کپتان سٹراس (32)، پیٹرسن (3) اور کولنگوڈ (2) شامل ہیں۔















