سنگکارا کی سنچری لیکن ٹیم مشکل میں

انڈیا اور سری لنکا کے درمیان ممبئی میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹ کے نقصان پر دو سو چوہتر رنز بنائے ہیں اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کی برتری کوختم کرنے کے لیے ابھی بھی انسٹھ رنز درکار ہیں۔
چوتھے روز کی اہم بات سری لنکن ٹیم کے کپتان سنگکارا کی سنچری ہے جو ایک سو تینتیس رنز بنا کر ابھی بھی ناٹ آؤٹ ہیں۔
لیکن سری لنکن ٹیم کی چھ وکٹیں گر چکی ہیں اور آخری روز میچ بہت ہی نازک مرحلے پر پہنچ سکتا ہے۔ اگر یہ میچ بھارت جیت لیتا ہے تو آئی سی سی رینکنگ کے حساب سے وہ ٹیسٹ میں نمبر ون ٹیم بن سکتی ہے۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport1/shared/fds/hi/statistics/cricket/scorecards/2009/12/84170/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>
بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں سات سو چھبیس رنز بنائے تھے جبکہ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں تلک رتنے دلشان کی سنچری اور اینجلا میتھیوز کے ننانوے رن کی بدولت تین سو ترانوے رن بنائے تھے۔
چوتھے روز سری لنکا نے تیسرے دن کے اپنے گیارہ رنز کے سکور سے آگے کھیلا شروع کیا اور پہلی وکٹ تک رتنے دلشان کی گری۔ اس کے بعد سری لنکا نے سنبھل کر کھیلا اور لیکن لنچ کے بعد اس کی وکٹیں گرتی گئیں۔
تیسرے دن جب بھارت نے اپنی پہلی اننگز چار سو تینتالیس رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو اوپنر وریندر سہواگ کا ٹرپل سنچری بنانے کا خواب پورا نہ ہو سکا اور وہ دو سو ترانوے کے انفرادی سکور پر مرلی دھرن کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

سہواگ نے اس اننگز کے دوران دو سو چون گیندوں کا سامنا کیا اور چالیس چوکے اور سات چھکے لگائے۔ لنچ سے قبل سری لنکا کو اس دن کی دوسری اور مجموعی طور پر تیسری کامیابی راہول ڈراوڈ کی وکٹ کی صورت میں ملی جنہوں نے چوہتر رن بنائے۔
بعد میں آنے والے بھارتی بلے بازوں میں سے سچن تندولکر اور لکشمن نے نصف سنچریاں جبکہ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ناقابلِ شکست سنچری بنائی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی تیسری سنچری ہے۔ دھونی سو رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دھونی نے اپنی سنچری کی تکمیل کے فوراً بعد بھارتی اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس وقت بھارت کا مجموعی سکور نو وکٹ کے نقصان پر سات سو رن تھا۔
سری لنکا کی جانب سے مرلی دھرن نے چار، ہیراتھ نے تین جبکہ کلاسیکیرا اور ولیگیدارا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
انڈیا کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بے نتیجہ رہا تھا جبکہ بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میں ایک اننگز اور ایک سو چوالیس رنز سے فتح حاصل کی تھی۔















