ہاکی: ارجنٹائن نے پاکستان کو ہرادیا

پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ جمعرات کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی
،تصویر کا کیپشنپاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ جمعرات کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

چیمپئنز چیلنج ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان ٹیم ارجنٹائن نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔

سالتا کے مقام پر کھیلے جانے والے اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم آئندہ سال چیمپئنز ٹرافی کے لیے کوالیفائی کرے گی۔پہلے مرحلے کے میچوں میں پاکستان نے کینیڈا کو اور ارجنٹائن نے جنوبی افریقہ کو ہرایا تھا۔

ارجنٹائن نے پاکستان کےخلاف میچ کے پہلے ہی منٹ میں برتری حاصل کرلی تھی۔ یہ گول کیلیونی نے بنایا۔ میزبان ٹیم نے ملنے والے پہلے ہی پنالٹی کارنر پر گول کر کے برتری دوہری کردی۔ دوسرا گول پیدرو ایبارا نے بنایا۔

دوسرے ہاف میں ایبارا نے اس ٹورنامنٹ میں اپنا پانچواں انفرادی گول کر کے سکور تین صفر کردیا۔ کھیل ختم ہونے سے چار منٹ قبل سہیل عباس نے پاکستان کا پہلا گول بنایا۔ یہ سہیل عباس کا انٹرنیشنل ہاکی میں تین سو ایک واں گول تھا۔

اس جیت کے بعد ارجنٹائن کے دو میچوں میں چھ پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کے چار چار پوائنٹس ہیں۔

دیگر میچوں میں بھارت نے چین کو چار ایک سے، نیوزی لینڈ نے بیلجیئم کو چار ایک سے اور جنوبی افریقہ نے بھی کینیڈا کو چار ایک سے شکست دی۔

پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ جمعرات کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی۔