پاکستان 223 رن بنا کر آؤٹ

آئی او برائن نے چار کھلاڑی آؤٹ کیے
،تصویر کا کیپشنآئی او برائن نے چار کھلاڑی آؤٹ کیے
وقت اشاعت

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین نیپیئر میں کھیلے جانے والے تیسرے اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں دو سو تئیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پہلے دن کے کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے بغیر کسی نقصان کے سینتالیس رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میکنٹاش اور واٹلنگ نے اننگز کا آغاز کیا۔ میکنٹاش اکتیس اور واٹلنگ تیرہ رنز کے انفرادی سکور پر کھیل رہے ہیں۔

پاکستان کی اننگز کی خاص بات اوپنر عمران فرحت کی سینچری تھی۔ وہ ایک سو سترہ کے سکور پر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران فرحت نے چودہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ایک سو سترہ رنز بنائے۔عمران فرحت کے علاوہ کوئی بھی دوسرا پاکستانی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کو تیسرے اوور میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر سلمان بٹ کو سودی نے کلین بولڈ کر دیا۔ سلمان نے آٹھ رن بنائے۔ ان کے آوٹ ہونے کے بعد فیصل اقبال بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور وہ چھ رن پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان محمد یوسف ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صفر پر آؤٹ ہوئے۔ فیصل اقبال اور محمد یوسف کو او برائن نے آؤٹ کیا۔

<link type="page"><caption> پاکستان نیوزی لینڈ: تیسرے ٹیسٹ کا سکور کارڈ</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport1/hi/cricket/other_international/pakistan/latest_scorecard/default.stm#Pakistan1" platform="highweb"/></link>

عمر اکمل جنہوں نے اس سیریز میں عمدہ بیٹنگ کی اس بار صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ مصباح بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کامران اکمل بائیس رن بنا کر جبکہ عامر تئیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فاسٹ بولر عمر گل نے چوبیس رن بنائے جبکہ محمد آصف کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے۔

او برائن اور ٹفی نے چار چار وکٹیں حاصل کیں۔ او برائن نے پندرہ اوور میں صرف پینتیس رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹفی نے پندرہ عشاریہ تین اوور میں باون رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

مارٹن اور سودی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پاکستان کی ٹیم میں سلمان بٹ، عمران فرحت، فیصل اقبال، مصباح الحق، محمد یوسف، عمر اکمل، کامران اکمل، محمدعامر، عمر گل، محمد آصف اور دانش کنیریا شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم میں میکنٹاش، واٹلنگ، گپٹل، فلِن، ٹیلر، وٹوری، میک کلم، سودی، ٹفی، آئی او برائن اور سی مارٹن شامل ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ایک سو اکتالیس رنز سے شکست دی تھی۔