اننگز میں دس وکٹیں اور ڈیبیو پر ہیٹ ٹرک

زوہیب شیرا پاکستان کے دوسرے اور دنیا کےاٹھارہویں بولر ہیں جنہیں اپنے اولین فرسٹ کلاس میچ میں ہیٹ ٹرک کا منفرد اعزاز حاصل ہوا
،تصویر کا کیپشنزوہیب شیرا پاکستان کے دوسرے اور دنیا کےاٹھارہویں بولر ہیں جنہیں اپنے اولین فرسٹ کلاس میچ میں ہیٹ ٹرک کا منفرد اعزاز حاصل ہوا
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
  • وقت اشاعت

پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں دو کھلاڑیوں نے جمعہ کے روز غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ بک میں جگہ بنالی۔

کراچی کےانیس سالہ لیفٹ آرم فاسٹ بولر زوہیب شیرا نے قائداعظم ٹرافی میں نیشنل بینک اور کراچی وائٹس کے درمیان کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں اپنے فرسٹ کلاس کریئر کا آغاز ہیٹ ٹرک سے کیا۔ انہوں نے نیشنل بینک کی دوسری اننگز میں لگاتار تین گیندوں پر تین وکٹیں حاصل کرڈالیں۔

زوہیب شیرا پاکستان کے دوسرے اور دنیا کےاٹھارہویں بولر ہیں جنہیں اپنے اولین فرسٹ کلاس میچ میں ہیٹ ٹرک کا منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔

ان سے قبل 1958 میں ارشد خان نے ڈھاکہ یونیورسٹی کی طرف سے مشرقی پاکستان کی ٹیم کے خلاف ڈھاکہ میں اپنے فرسٹ کلاس کیریئر کا آغاز ہیٹ ٹرک سے کیا تھا۔

ملتان کے اکتیس سالہ لیفٹ آرم سلو بولر ذوالفقار بابر نے ریکارڈ بک میں اپنا نام اس طرح درج کرایا کہ انہوں نے قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں اسلام آباد کی اننگز کی تمام دس وکٹیں143 رنز کے عوض حاصل کر ڈالیں۔

ذوالفقار بابر پاکستان کے چوتھے اور دنیا کے ستاسیویں بولر ہیں جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اننگز کی تمام دس وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ان سے قبل پاکستان کے شاہد محمود۔ عمران عادل اور نعیم اختر یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

شاہد محمود نےانیس سو ستر میں کراچی وائٹس کی طرف سے خیرپور کے خلاف کراچی میں دس وکٹیں58 رنز کے عوض حاصل کی تھیں۔

1990 میں عمران عادل نے بہاولپور کی طرف سے فیصل آباد کے خلاف 92 رنز کے عوض تمام دس وکٹیں حاصل کیں۔

انیس سو چھیانوے میں نعیم اختر نے راولپنڈی بی کی جانب سے پشاور کی ایک اننگز میں دس وکٹیں صرف اٹھائیس رنز کے عوض حاصل کرڈالیں۔

عمران عادل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ اننگز میں دس وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے سب سے کمر عمر بولر ہیں۔