کراچی میں انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ

- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
- وقت اشاعت
شہید بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل باکسنگ ٹورنامنٹ دو سے آٹھ جنوری تک کراچی میں منعقد ہوگا۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے تین سال کے وقفے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل باکسنگ کی سرگرمیاں بحال کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ کو سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو سے منسوب کیا ہے۔
پاکستان نے آخری مرتبہ سنہ 2006 میں ایشین جونیئر باکسنگ چیمپئن شپ کی میزبانی کی تھی۔
یہ ٹورنامنٹ بے نظیر ( کے پی ٹی ) سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوگا جہاں اس سے قبل بھی متعدد بین الاقوامی مقابلوں کا انعقاد ہوچکا ہے۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کا کہنا ہے کہ اب تک بھارت، چین، افغانستان، ہنگری،سری لنکا، تھائی لینڈ، کیمرون، گھانا، متحدہ عرب امارات، یمن، بنگلہ دیش، عراق، کینیا، منگولیا، سنگاپور اور شام نے شرکت کی تصدیق کردی ہے اور ان میں سے گیارہ ملکوں نے اپنے باکسرز کے نام بھی بھیج دیے ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ کئی دوسرے ملکوں کی طرف سے بھی شرکت کی تصدیق جلد متوقع ہے۔ ان کاخیال ہے کہ مجموعی طور پر ایک سو بیس باکسرز اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گے۔
پاکستان کی دو ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔
ٹورنامنٹ میں تمام گیارہ کیٹگریز کے مقابلے ہونگے۔















