آسٹریلیا نے پہلا ٹیسٹ جیت لیا

آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں ایک سو سّتر رن سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی ہے۔
میلبرن ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان کو فتح لیے مزید دو سو باون رن درکار تھے لیکن اس کے آخری سات کھلاڑی مجموعی سکور میں صرف اسّی رنز کا اضافہ کرنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
<link type="page"><caption> تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport1/shared/fds/hi/statistics/cricket/scorecards/2009/12/84101/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> واٹسن کی بیٹنگ، عامر کی بالنگ: تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2009/12/091228_pak_auspics.shtml" platform="highweb"/></link>
پانچویں دن جب کھیل شروع ہوا تو پاکستان کا سکور تین وکٹ پر ایک سو ستّر رن تھا۔ تاہم مجموعی سکور میں صرف ایک رن کے اضافے کے ساتھ ہی پاکستان کی مزید دو وکٹیں گر گئیں۔آؤٹ ہونے والےکھلاڑی عمر اکمل اور مصباح الحق تھے جنہیں جانسن کی گیند پر ہیڈن نے کیچ کیا۔ عمر اکمل نے سترہ رن بنائے جبکہ مصباح الحق کوئی رن نہ بنا سکے۔
کھیل کے ابتدائی لمحات میں ہی نقصان اٹھانے کے بعد پاکستانی ٹیم دباؤ میں آ گئی اور کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ پاکستان کی جانب سے کپتان محمد یوسف اکسٹھ رن بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ہارٹز نے پانچ، جانسن نے تین جبکہ بولنجر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا نے میلبرن میں اپنی پہلی اننگز پانچ وکٹوں پر چار سو چون رن بنانے کے بعد ختم کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں دو سو اٹھاون رن بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اس پر آسٹریلیا نے آٹھ وکٹوں پر دو سو پچیس رن بنا کر اپنی دوسری اننگز ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کو جیتنے کے لیے چار سو بائیس رن کا ریکارڈ ہدف فراہم کیا تھا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں اس سے پہلے سن دو ہزار چار اور پانچ میں تین میچوں کی سیریز کے لیے آمنے سامنے آئی تھیں جو آسٹریلیا نے تین صفر سے جیت لی تھی۔
پاکستان کی ٹیم: سلمان بٹ، عمران فرحت، فیصل اقبال، محمد یوسف، مصباح الحق، عمر اکمل، کامران اکمل، محمد آصف، محمد عامر، عبدالرؤف اور سعید اجمل۔
آسٹریلیا کی ٹیم: کیٹش، شین واٹسن، رکی پونٹنگ، مائیکل ہسی، مائیکل کلارک، نارتھ، ہیڈن، مچل جانسن، ہارٹز، بولنگر، سڈل۔















