’فٹ ہوں اگلا میچ کھیلوں گا‘

دانش کنیریا پاکستان کے سب سے زیادہ تجربہ کار بولر ہیں
،تصویر کا کیپشندانش کنیریا پاکستان کے سب سے زیادہ تجربہ کار بولر ہیں
وقت اشاعت

لیگ سپنر دانش کنیریا نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وہ تین جنوری کو سڈنی میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق لیگ سپنر دانش کنیریا سڈنی میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں حصہ لینے کے لیے مکمل طور ہر فٹ ہیں۔ دانش کنیریا میلبورن میں ہونے والے پہلے میچ میں شامل نہیں تھے اور آف سپنر سعید اجمل کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا جو صرف دو وکٹیں حاصل کر سکے تھے۔ پاکستان پہلا میچ ایک سو ستر رنز سے ہار گیا تھا۔

دانش کنیریا پاکستان کی بولنگ میں سب سے تجربہ کار بولر ہیں اور چھپن ٹیسٹ میچوں میں دو سو پینتالیس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ دانش کنیریا نے کہا ’میری پوری کوشش ہوگی کہ سڈنی میں اپنے ٹیم کو جتانے کے لیے کچھ کر پاؤں۔‘

سڈنی کی وکٹ روایتی طور پر سپنروں کے لیے ساز گار تصور کی جا تی ہے لیکن حالیہ برسوں میں اس کا رویہ کچھ بدلہ ہے اور وہ سپنروں کے لیے زیادہ ساز گار نہیں رہی ہے۔

دانش کنیریا نے دو سپنروں کے کھلانے کے امکانات کے بارے میں کہا ہے کہ انہیں سعید اجمل کے ساتھ بولنگ کرنے کا زیادہ موقع نہیں ملا ہے لیکن اگر ایسا ہوا تو بہت اچھا ہوگا۔

دانش کنیریا نے کہا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ آسٹریلیا کے بیٹسمین سپنروں کو اچھا نہیں کھیل سکتے۔’میلبورن میں سعید اجمل نے صرف دو وکٹیں حاصل کیں اور میں نہیں سمجھتا کہ آسٹریلیا کے بیٹسمین سپنروں کو برا کھیلتے ہیں۔ وہ سپنروں کو زیادہ پیشہ وارانہ انداز میں کھیلنا شروع ہو گئے ہیں۔‘

دانش کنیریا نےسڈنی میں پچھلا میچ 2005 میں کھیلا تھا جس میں انہوں نے دونوں اننگز میں 204 رنزدے کر آٹھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان نے پہلے میچ میں فاسٹ بولر عمرگل کو ڈراپ کر کے میڈیم فاسٹ بولر عبد الراؤف کو کھیلایا تھا جو بالکل ناکام رہے اور اب ٹیم مینجمنٹ نے عبد الراؤف کو وطن واپس بھیجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کپتان محمد یوسف نے سابق کپتان یونس خان کو آسٹریلیا بھیجوانے کی درخواست کر رکھی ہے لیکن سلیکشن کمیٹی نے اس بارے کو واضح فیصلہ نہیں کیا ہے۔ یونس خان کپتان محمد یوسف کے بعد واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے تریسٹھ میچوں میں پچاس رنز فی اننگز کی اوسط سے پانچ ہزار سے زیادہ رنز سکور کیے ہیں۔