بھارت نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا

بنگلہ دیش کے شہر میر پور میں کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کے 296 رنز بنائے کے جواب میں 47.3 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 297 رنز بنا کر یہ میچ چھ وکٹ سے جیت لیا ہے۔
کپتان مہندر سنگھ دھونی نے نو چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، ان کے ساتھ رائنا 51 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے پہلے جمعرات کو تین ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرنے کے بعد اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ بنگلہ دیش نے مقررہ پچاس اورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پردو سو چھیانوے رنز بنائے تھے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport1/shared/fds/hi/statistics/cricket/scorecards/2010/1/85687/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>
بھارت کی جانب سے سہواگ اور گمبھیر نے اننگز کا آغاز کیا۔ بھارت کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب اٹھائیس مجموعی سکور پر سہواگ رن آوٹ ہو گئے۔ بھارت کے دوسرے اور تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی، گمبھیر اور یوراج سنگھ تھے۔ کوہلی 91 رنز بنا کر شاقب کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت کپتان مہندر سنگھ دھونی اور رائنا کھیل رہے ہیں۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش کی جانب سے بیٹسمین تمیم اقبال اور عمرالقیس نے اننگ شروع کی۔تمیم اقبال نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے نو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سینتیس گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی، انھیں ساٹھ کے سکور پر سری سانتھ نے آوٹ کیا۔
دوسرے آوٹ ہونے والے کھلاڑی عمرالقیس تھے جنھوں نے ستر رنز بنائے۔ کپتان شکیب الحسن صفر پر رن آوٹ ہو گئے۔محمود اللہ نے پینتالیس گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے ساٹھ رنز بنائے۔مقررہ پچاس اورز کے اختتام پر بنگلہ دیش نے بھارت کو دو سو چھیانوے رنز کا ٹارگٹ دیا ہے۔
بھارت کی جانب سے یوراج سنگھ، ہربھجن سنگھ، نہرا، جدیجا اور سری سانتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔
اس ٹورنامنٹ کی تیسری ٹیم سری لنکا ہے۔پہلے میچ میں سری لنکا نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے اور دوسرے میچ میں سری لنکا نے بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
جمعہ کو ٹورنامنٹ چوتھے میچ میں بنگلہ دیش کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گاجبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ تیرہ جنوری کو کھیلا جائے گا۔















