قطر: ندال اور فیڈرر کوارٹرز فائنلز میں

سپین کے رافیل ندال اور عالمی نمبر ایک سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر قطر اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز میں پہنچ گیے ہیں۔
بدھ کو دوسرے راؤنڈ کے میچ میں عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر نے اپنے مد مقابل روس کے ایوجنی کورولیو کو چھ دو اور چھ چار سے شکست دی جبکہ ایک دوسرے میچ میں رافیل ندال نے اٹلی کے پوٹیٹو سٹارس کو چھ دو، چھ دو سے ہرا دیا۔
دونوں کھلاڑی ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلز میں پہنچ چکے ہیں اور اگر جیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں تو اتوار کو ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں مد مقابل ہونے۔
ندال کو فیڈرر کے مقابلے میں اپنے مد مقابل کو شکست دینے میں نو منٹ زائد لگے۔ ندال کا کہنا تھا کہ وہ میچ کے آخر میں بہتر کھیلے اور جیتنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اچھی فارم میں ہیں۔
کوارٹر فائنلز میں دو ہزار پانچ اور چھ کے قطر اوپن کے فاتح فیڈرر کا مقابلہ ایرنسٹ گبلز اور ندال کا بیلجیم کے سٹیو ڈارسس سے ہو گا۔















