سٹراس جنوبی افریقہ سے ناخوش

اینڈریو سٹراس
،تصویر کا کیپشنسیریز کے اختتام پر جذبات میں شدت آ جاتی جو کہ سمجھ آنے والی بات ہے
وقت اشاعت

انگلینڈ کے کپتان اینڈریو سٹراس نے گیند کی شکل بگاڑنے کے تنازعہ میں جنوبی افریقہ کے کردار کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا ہے۔

جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کے بالروں سٹورٹ براڈ اور جیمز اینڈرسن پر کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز دوران گیند کی شکل بگاڑنے کا الزام لگایا تھا۔ جنوبی افریقہ نے اس کے بارے میں باقاعدہ شکایت نہیں کی تھی۔

سٹراس نے کہا کہ ’ہمیں یہ بات پسند نہیں آئی اور بھرپور انداز میں ان الزامات کی تردید کرتا ہوں۔‘ ’الزام لگاتے ہوئے آپ کو دوسری ٹیم کے کردار پر اپنے موقف کے بارے میں مکمل طور پر پُر اعتماد ہونا چاہیے۔‘

جنوبی افریقہ نے منگل کو ٹی وی پر دکھائی گئی تصاویر کے بعد برہمی کا اظہار کیا تھا جن میں براڈ نے اپنے نوکیلے تلے والے جوتے گیند پر رکھے تھے۔ اس کے علاوہ یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ اینڈرسن نے گیند کو خراب کرنے کی کوشش کی تھی۔

سٹراس نے اس بات سے انکار کیا کہ کسی کھلاڑی نے جان بوجھ کر گیند کی ساخت بگاڑنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سیریز کے اختتام پر جذبات میں شدت آ جاتی جو کہ سمجھ آنے والی بات ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد خبر کا مرکز ایک بار پھر کرکٹ کا کھیل ہوگا۔

انگلینڈ کی ٹیم کے ڈائریکٹر اینڈی فلاور نے کپتان سٹراس کے موقف کی حمایت کی اور گیند کو بگاڑنے کے الزامات کی تردید کی۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ اینڈرسن کے فعل کو سادگی سے تعبیر کیا۔

انہوں نے کہا کہ اینڈرسن گیند کو چمکا رہے تھے اور جب انہوں نے اس کی دوسری طرف نظر ڈالی تو ایسا معلوم ہوا جیسے وہ بے خیالی میں اس کے کھردرے حصے کو پرکھ رہے تھے۔ ’انہوں نے پھر چمڑے کے اٹھے ہوئے ایک حصے کو توڑنے کی کوشش کی جو انہیں نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انہیں گیند امپائر کو دکھانی چاہیے تھی جو چمڑے کو قینچی سے کاٹ دیتے۔‘

جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ نے بھی امید ظاہر کی کہ دونوں ٹیمیں اپنے اختلافات کو بھلا دیں گی۔