پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ برابر
ملائیشیا میں جاری اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کا میچ پانچ پانچ گول سے برابر رہا ہے۔
بدھ کو کھیلے گئے میچ کے دوران ایک موقع پر پاکستانی ٹیم ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہار رہی تھی تاہم دوسرے ہاف میں پاکستان نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ برابر کر دیا۔
آسٹریلیا نے میچ کے ابتداء سے ہی پاکستانی ٹیم کو دباؤ میں رکھا اورگیارہویں منٹ میں ٹموتھی بیٹس کے گول کے ذریعے سبقت حاصل کر لی۔چھ منٹ بعد گرانٹ شوبرٹ نے یہ سبقت دگنی کردی۔
اکیسویں منٹ میں محمد رضوان گول کرنے میں کامیاب ہوگئے لیکن پانچ منٹ بعد کرسٹوفر سیریلو نے آسٹریلیا کا تیسرا گول کردیا۔
وقفے پر پاکستانی ٹیم ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہار رہی تھی۔ دوسرے ہاف میں کرسٹوفر سیریلو نے پنالٹی کارنر پرگول کر کے اپنا دوسرا اور آسٹریلیا کا چوتھا گول کردیا۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے اس پنالٹی کارنر پر امپائر سے احتجاج بھی کیا جسے مسترد کردیا گیا۔اس دوران محمد رضوان کو گول کرنے کے دو مواقع ملے لیکن وہ ان سے فائدہ نہ اٹھاسکے۔
دوسرے ہاف کے اٹھارہویں منٹ میں محمد عرفان نے پاکستان کا دوسرا گول کر دیا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد محمد عمران نے تیسرا گول کر کے خسارہ کم کیا لیکن فوراً ہی گرانٹ شوبرٹ نے آسٹریلیا کی جانب سے پانچواں گول داغ دیا۔
عام خیال یہی تھا کہ پاکستانی ٹیم کے حوصلے پست ہوجائیں گے لیکن عمر بھٹہ اور محمد عمران نے بقیہ وقت میں دو گول کر کے میچ برابر کر دیا
پاکستان کا اگلا میچ جمعرات کو مصر کے خلاف ہے جبکہ ہفتے کو کھیلے جانے والے آخری میچ میں اس کا سامنا جنوبی کوریا سے ہوگا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان نے اب تک چار میچ کھیلے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ سے قبل ملائشیا کے خلاف اس کا پہلا میچ تین تین گول سے برابر رہا تھا، دوسرے میچ میں اسے بھارت کے خلاف چار دو سے شکست ہوئی تھی جبکہ تیسرے میچ میں اس نے چین کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہرایا تھا۔















