سٹے بازی: دانش کنیریا سے تحقیقات
انگلینڈ میں پولیس نے سٹے بازی کی تحقیقات میں پاکستان کے لیگ سپنر دانش کنیریا اور ایک دوسرے بائیس سالہ فاسٹ بالر مرون ویسٹ فیلڈ کو گرفتار کرنے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔

ایسکس میں پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں کرکٹرز کو جمعہ کو گرفتار کیا گیا تھا لیکن انھیں پندرہ ستمبر تک ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
ان دنوں دونوں کرکٹرز ایسکس کاؤنٹی کی جانب سے کھیل رہے ہیں۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ فسٹ کلاس ڈومسٹک کرکٹ کے میچ میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں دونوں افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔
’ جمعہ کو دونوں افراد کو فراڈ کے شبہے میں گرفتار کیا گیا تھا، دونوں کو پولیس کی ضمانت پر بدھ پندرہ ستمبر تک رہا کر دیا گیا ہے۔‘
انھوں نے بتایا کہ ’ مارچ دو ہزار دس میں ایسکس کاؤنٹی کے دو کھلاڑیوں کی بے ضابطگیوں سے متعلق شکایت ملنے کے بعد یہ تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔‘
ان پر سپاٹ فکسنگ کے الزامات لگائے گئے ہیں، جس کے تحت میچ میں انفرادی معلومات پر رقم لگائی جاتی ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ میچ ستمبر دو ہزار نو کو ڈرہم کاؤنٹی کے خلاف کھیلا گیا تھا۔
دونوں کرکٹرز پندرہ ستمبر تک کرکٹ کھیل سکیں گے جس کا مطلب ہے کہ دانش کنریا انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کو دستیاب ہونگے۔
دانش کنیریا پاکستان کی جانب سے پچاس ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں۔















