فیڈرر، سرینا کے بعد جاکووچ بھی باہر
پیرس میں جاری فرنچ اوپن مقابلوں میں غیر متوقع نتائج کا سلسلہ جاری ہے اور سربیا کے نوواک جاکووچ ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والے تیسرے اہم سیڈڈ کھلاڑی بن گئے ہیں۔
جاکووچ کو کوارٹر فائنل مقابلے میں آسٹریا نے جرگن میلزر نے سوا چار گھنٹے جاری رہنے والے مقابلے کے بعد شکست دی۔
میلزر نے ابتدائی دو سیٹس ہارنے کے باوجود حوصلہ نہیں ہارا اور بقیہ تین سیٹ چھ دو، سات چھ اور چھ چار سے جیت کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔
یہ پہلا موقع تھا کہ میلزر نے کسی گرینڈ سلام مقابلے کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی اور اب کیرئر کے پہلے گرینڈ سلام سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ عالمی نمبر دو رافیل ندال سے ہوگا۔

نوواک جاکووچ سے قبل رواں برس فرنس اوپن میں مردوں اور خواتین کے ٹاپ سیڈڈ کھلاڑی بھی شکست کھا کر باہر ہو چکے ہیں۔
مردوں کے ٹاپ سیڈڈ کھلاڑی اور دفاعی چیمپئن سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو کوارٹر فائنل مقابلے میں سویڈن کے رابن سودرلنگ نے تین چھ، چھ تین، سات پانچ اور چھ چار کے سکور سے شکست دی۔ یاد رہے کہ فیڈرر نے گزشتہ برس فائنل میں سودرلنگ کے خلاف ہی فتح حاصل کی تھی۔
اس شکست سے جہاں راجر فیڈرر کا گرینڈ سلام مقابلوں کے سیمی فائنل تک رسائی کا مسلسل سفر اختتام پذیر ہوا وہیں اس ٹورنامنٹ میں رافیل ندال کی فتح کی صورت میں وہ ٹینس کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن بھی کھو بیٹھیں گے۔

راجر فیڈرر نےگزشتہ تیئیس گرینڈ سلام مقابلوں کے سیمی فائنل مقابلوں میں حصہ لیا تھا اور سنہ 2004 کے ومبلڈن سے شروع ہونے والا یہ سفر چھ برس بعد رولینڈ گیروس میں اختتام پذیر ہوا ہے۔
ادھر خواتین کے مقابلوں میں آسٹریلیا کی سمانتھا ٹوسر کی عمدہ فارم کا سلسلہ جاری ہے اور چوتھے راؤنڈ میں جسٹن اینا آرڈن کو ہرانے والی اس کھلاڑی نے کوارٹر فائنلز میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کو شکست دی ہے۔
ٹوسر نے یہ میچ چھ دو، چھ سات اور آٹھ چھ سے جیتا۔ وہ گزشتہ برس بھی فرنچ اوپن کے سیمی فائنل مقابلوں میں پہنچی تھیں اور رواں برس سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ سربیا کی جلینا جاکووچ سے ہوگا۔















