شمالی کوریا کا مقابلہ برازیل سے

شمالی کوریا انیس سو چھاسٹھ کے بعد پہلی مرتبہ فٹبال کا عالمی کپ کھیل رہا ہے
،تصویر کا کیپشنشمالی کوریا انیس سو چھاسٹھ کے بعد پہلی مرتبہ فٹبال کا عالمی کپ کھیل رہا ہے
وقت اشاعت

فٹبال ورلڈ کپ سنہ دو ہزار دس کے مقابلوں میں فٹبال کھیلنے والے ملکوں میں ایک بڑا ملک برازیل منگل کو اپنا پہلا میچ شمالی کوریا کے خلاف کھیل رہا ہے جو اس کھیل کے حوالے سے ایک غیر معروف ملک ہے۔

<link type="page"><caption> فٹبال ورلڈ کپ سنہ دو ہزار دس پر خصوصی ضمیمہ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/indepth/cluster_worldcup_football_2010.shtml" platform="highweb"/></link>

شمالی کوریا نے انیس سو چھیاسٹھ کے بعد پہلی مرتبہ فٹبال کے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ جبکہ برازیل فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں پانچ مرتبہ یہ کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکا ہے۔

برازیل اور شمالی کوریا کے درمیان یہ میچ جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا۔

شمالی کوریا نے انیس سو چھیاسٹھ کے عالمی کپ میں اٹلی جیسی بڑی ٹیم کو ہرا کر دنیا کو حیرت میں ڈال دیا تھا اور اس برس وہ کواٹر فائنل کے مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

شمالی کوریا سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ان مقابلوں میں ان کے لیے مختص کردہ سترہ ہزار ٹکٹوں میں سے صرف دو سو ٹکٹ خریدے ہیں۔

عالمی کپ مقابلوں میں کھیلے جانے والے دوسرے میچوں میں نیوزی لینڈ کا مقابلہ سلواکیا اور آئیوری کوسٹ کا مقابلہ پرتگال سے ہو رہا ہے۔

عالمی کپ مقابلوں میں برازیل کا ریکارڈ

برازیل کی امیدیں کاکا سے وابستہ ہیں

برازیل کا عالمی کپ میں اب تک کا ریکارڈ بڑا شاندار رہا ہے۔ برازیل عالمی کپ پانچ مرتبہ جیتنے کے علاوہ اب تک ہونے والے ہر عالمی کپ میں شرکت کرنے کا اعزاز بھی رکھتا ہے جو کسی اور ملک کو حاصل نہیں ہے۔

برازیل نے پہلی مرتبہ انیس سو اٹھاون میں سویڈن میں عالمی کپ جیتا تھا۔ اس کے چار سال بعد انیس سو باسٹھ میں چلی میں کھیلے گئے عالمی کپ میں اس نے اپنے اس اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ میکسیکو میں انیس سو ستر میں کھیل گئے عالمی کپ میں برازیل نے تیسری مرتبہ عالمی کپ کے فائنل میں کامیابی حاصل کی۔ اس ورلڈ میں برازیل کی طرف سے فٹبال کے شہرہ آفاق کھلاڑی پیلے کھیل رہے تھے۔

چوتھی مرتبہ انیس سو چورانوے میں امریکہ میں کھیلے گئے عالمی کپ میں پنلٹی شوٹ آؤٹ میں برازیل نے اٹلی کو شکست دے کر عالمی کپ اٹھایا۔ پانچویں مرتبہ سنہ دو ہزار دو میں جاپان اور کوریا میں منعقدہ ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے میں برازیل نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر عالمی کپ جیتا۔ اس میچ میں برازیل کی طرف سے دونوں گول رونالڈو نے کیے تھے۔

دوہزار چھ میں برازیل کواٹر فائنل میں اپنا میچ فرانس سے ہار گیا تھا۔

موجودہ عالمی کپ مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں برازیل کی کارکردگی کوئی خاص نہیں رہی اور اپنے چھ میچوں میں سے صرف دو میں کامیابی حاصل کر سکا۔ ان میں ایک میچ میں برازیل نے اپنے روایتی حریف ارجنٹینا کو دو کے مقابلے میں چھ گول سے ہرا دیا تھا۔ یہ چودہ برس میں ارجنٹینا کے خلاف کسی دوسرے ملک میں برازیل کی پہلی کامیابی تھی۔

گزشتہ عالمی کپ مقابلوں کی طرح اس مرتبہ بھی برازیل کی ٹیم میں چند بڑے کھلاڑی شامل ہیں جن میں کاکا کا نام سرفہرست ہے۔