آسٹریلیا کی بیالیس رنز سے جیت

آسٹریلیا کی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں کھیلا جانے والی پانچواں ون ڈے انٹرنیشنل میچ بیالیس رنز سے جیت لیا۔
آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور ابتدائی مشکلات کے باوجود مقررہ پچاس اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر دو سو ستتر رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی۔
آسٹریلیا کی طرف سے مائیک ہسی سب سے کامیاب بیٹسمین رہے۔ انہوں نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے ساٹھ گیندوں پر اناسی رنز بنائے۔
اس میچ میں مائیکل کلارک کی جگہ کھیلنے والے شین مارش نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا اور پچاس گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے انسٹھ رنز بنائے۔
اس سے پہلے اوپنر پین نے چون رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔
ایک مرحلے پر ایک سو چھ رنز پر آسٹریلیا کی چار وکٹیں گر چکی تھیں۔ لیکن مائیک ہسی اور شین مارش نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں ایک سو سات رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا اور سکور کو دو سو ستتر رنز تک پہنچانے میں کامیاب ہو گئے۔
جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم دو سو پینتیس رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ انگلینڈ کی طرف سے کولنگ وڈ پچانوے رنز بنا کر سب سے کامیاب بیٹسمین رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی آسٹریلوی بالنگ کر جم کر مقابلہ نہ کر سکا۔
آسٹریلیا کی طرف سے شون ٹیٹ سب سے کامیاب بالر رہے۔ انہوں نے آٹھ اعشاریہ تین اوورز میں انچاس رنز دے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
انگلینڈ کے مڈل آرڈر بیٹسمین ایون مورگن مین آف دی سیریز قرار پائے۔















