مظہر مجید کے کلب کا چیئرمین ہلاک

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے دوران شروع ہونے والے سپاٹ فکسنگ سکینڈل کے مرکزی کردار مظہر مجید کے فٹبال کلب کے چئرمین کو پُراسرار حالات میں مردہ پایا گیا ہے۔
کرائڈن ایتھلیٹک کلب کے چئرمین ڈیوڈ لے کلوس کی لاش سنیچر کی صبح سٹن کے علاقے میں واقع گیراج سے ملی۔ ان کے سر میں ایک گولی لگی تھی۔پولیس کے بیان کے مطابق ’ایک چوالیس سالہ مرد کی لاش ملی ہے جس کے سر میں گولی لگی ہے۔ موت کن حالات میں ہوئی وہ غیر واضح ہیں۔اس کی تفتیش جاری ہے۔‘
ڈیوڈ لے کلوس نے پچھلے ماہ اس بات کی تصدیق کی تھی کہ برطانوی ٹیکس حکام کلب کی تفتیش کر رہے تھے۔ایچ ایم ریونیو اینڈ کسٹمز کی یہ انکوائری مظہر مجید کے کرکٹ میں سٹے بازی میں ملوث ہونے کے سلسلے میں گرفتاری کے بعد شروع کی گئی تھی۔ مظہر مجید کرائڈن ایتھلیٹک کلب کے مالک ہیں۔
ڈیوڈ لے کلوس کے سوگواروں میں بیوہ اور دو بچے شامل ہیں۔
سپاٹ فکسنگ سکینڈل برطانوی اخبار نیوز آف دی ولڈ کی ’انڈر کوور‘ رپورٹ کے بعد سامنے آیا۔ اخبار نے مظہر مجید کی ویڈیو جاری کی تھی جس میں وہ بھاری رقم کے بدلے میں بتاتے ہیں کہ اگلے روز کے کھیل میں پاکستانی بولر کس اوور کی کن گیندوں پر نو بال کریں گے۔ میچ میں ان کی شناخت کردہ گیندوں پر بولرز نے نو بال کی تھیں۔















