پاکستانی ٹیم کا اعلان، مصباح کی واپسی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے میچوں کے لیے پندرہ رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے تاہم ٹیم کے کپتان کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ میں بھی تبدیلیاں کرتے ہوئے انتخاب عالم کو ٹیم کا نیا مینیجر اور شاہد اسلم کو نیا اسٹننٹ مینیجر مقرر کیا ہے۔
بی بی سی کی مناء رانا کے مطابق جمعرات کو لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا اور بعد ازاں چیف سلیکٹر محسن حسن خان نے چیئرمین اعجاز بٹ کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد ٹیم منتخب کی۔
تاہم کرکٹ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیوں کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل مینجر میڈیا ندیم سرور نے لاہور میں کیا۔
دورۂ جنوبی افریقہ کے لیے پاکستانی ٹیم میں مڈل آرڈر بلے باز مصباح الحق اور سپنر عبدالرحمان کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ایک نئے فاسٹ بولر تنویر احمد کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
انگلش کاونٹی وورک شائر نے دو سال کا معاہدہ کرنےوالے پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان بدستور پاکستان کرکٹ بورڈ کے عتاب کا شکار ہیں اور انہیں جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ وکٹ کیپر کامران اکمل کا نام بھی اس دورے پر جانے والے کھلاڑیوں میں شامل نہیں۔ کامران اکمل آج کل معدے کی تکلیف میں مبتلا ہیں اور ان کی جگہ ذوالقرنین حیدر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کا دورہ کرنے والی ٹیم کے ارکان میں سے اظہر علی، عمر امین، شاہ زیب حسن، یاسر حمید وہاب ریاض اور شعیب ملک ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کے لیے سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں جبکہ محمد آصف، محمد عامر اور سابق کپتان سلمان بٹ کے نام آئی سی سی کی پابندی کی وجہ سے زیرِغور نہیں آئے۔
ٹیم مینجمنٹ میں ہونے والی تبدیلیوں میں انتخاب عالم کو پاکستانی ٹیم کا نیا مینیجر مقرر کیا گیا ہے۔ وہ دورۂ انگلینڈ کے بعد مستعفی ہونے والے مینیجر یاور سعید کی جگہ لیں گے۔
بورڈ حکام نے دورۂ انگلینڈ کے دوران بیٹنگ اور فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داریاں نبھانے والے اعجاز احمد اور اسسٹنٹ مینیجر شفقت رانا کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے اور کرکٹ بورڈ کے اہلکار شاہد اسلم کو ٹیم کا نیا اسٹنٹ مینیجر مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم چھبیس اکتوبر سے چوبیس نومبر تک متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی، پانچ ایک روزہ اور دو ٹیسٹ میچوں میں حصہ لے گی۔
پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: عمران فرحت، محمد حفیظ، محمد یوسف، مصباح الحق، عمر اکمل، اسد شفیق، فواد عالم، شاہد آفریدی، عبدالرزاق، عمرگل، سعید اجمل، عبدالرحمان، شعیب اختر، تنویر احمد، ذوالقرنین حیدر















