پہلے کلین سویپ پر کھلاڑیوں کو انعامات

بنگلہ دیش کی ٹیم
،تصویر کا کیپشنبنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کو چاروں ایک روزہ میچوں میں شکست دی ہے
    • مصنف, امبرآسن اتیھراجن
    • عہدہ, بی بی سی نیوز، ڈھاکہ
  • وقت اشاعت

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پہلی مرتبہ تاریخی فتح حاصل کرنے والے بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے ارکان پر تحائف کی بارش ہو گئی ہے۔

بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ کسی کرکٹ کھیلنے والے اہم ملک کے خلاف کلین سویپ کیا ہے یعنی کہ سیریز چار صفر سے جیتی ہے۔

ملک کی وزیرِاعظم شیخ حسینہ نے بیس رکنی ٹیم کے ہر کھلاڑی کو ڈھاکہ میں ایک ایک رہائشی پلاٹ اور کار دینے کا اعلان کیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھی فاتح ٹیم کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔

بورڈ کے ترجمان جلال یونس نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ہر کھلاڑی کو تقریباً پانچ ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز جیتنے کے لیے ہیں۔‘

انہوں نے بتایا کہ ایک نجی بینک نے بھی ہر کھلاڑی کو چودہ سو ڈالر انعام کے طور پر دیے ہیں۔ اسی طرح ایک نجی کمپنی نے بھی تقریباً اتنے ہی پیسے ہر کھلاڑی کو دیے ہیں۔

اس سے پہلے جب بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے 1997 میں کینیا کو ہرا کر آئی سی سی ٹرافی جیتی تھی تو اسی طرح اسے انعامات سے نوازا گیا تھا۔