’ملائشیا آسان حریف نہیں ‘

ذیشان اشرف
،تصویر کا کیپشناصل خوشی تب ہو گی جب ہمارے ہاتھ میں گول میڈل ہوگا: ذیشان اشرف
وقت اشاعت

پاکستان کی ہاکی ٹیم کے کپتان ذیشان اشرف کا کہنا ہے کہ وہ ملائشیا کو ہرگز بھی آسان حریف نہیں سمجھتے اور ایشین گیمز کے فائنل میں پاکستان کی ٹیم پوری تیاری کے ساتھ اترے گی۔

بی بی سی کی نامہ نگار مناء رانا سے فون پر بات کرتے ہوئے ذیشان اشرف کا کہنا تھا کہ اگرچہ جنوبی کوریا کو سیمی فائنل میں ہرانے سے ٹیم کا مورال بہت بلند ہوا ہے لیکن فائنل کھیلنے والی ہر ٹیم جان توڑ محنت کرتی ہے اس لیے فائنل ایک سخت ترین مقابلہ ہوتا ہے۔

پاکستان نے جنوبی کوریا کو سیمی فائنل میں چار کے مقابلے میں پانچ گول سے ہرایا۔

ذیشان اشرف نے کہا کہ ملائشیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور سیمی فائنل میں اس نے بھارت کو شکست دی اس لیے اسے فائنل میں شکست دینے کے لیے پاکستانی ٹیم کو سخت محنت کرنا ہوگی اور انہیں ہرانا کافی مشکل ہو گا۔

سیمی فائنل میں جنوبی کوریا کے خلاف فتح کو ذیشان اشرف نے پوری ٹیم کی اجتماعی کوشش قرار دیا تاہم ان کا کہنا تھا کہ گول کیپر سلمان اکبر صحیح معنوں میں اس فتح کے ہیرو ہیں کیونکہ انہوں نے دو پینلٹی سٹروک بچا کر پاکستان کی جیت کو یقینی بنایا۔

ذیشان اشرف کے مطابق ٹیم کے غیر ملکی کوچ مشل وین ڈین کو ٹیم کی کوچنگ کرتے ابھی تین ماہ ہوئے ہیں لیکن ٹیم میں بہتری آئی ہے، ٹیم کی فزیکل فٹ نس بھی کافی بہتر ہوئی ہے اور کھیل میں بھی نکھار پیدا ہوا ہے۔ اگر یہ کوچ ٹیم میں رہے تو پاکستانی ہاکی دوبارہ عروج حاصل کر سکتی ہے جبکہ کوچ کی بار بار تبدیلی سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

ذیشان اشرف کے بقول سیمی فائنل جیت کر انہیں خوشی تو ہوئی ہے لیکن اصل خوشی تب ہو گی جب ہمارے ہاتھ میں گول میڈل ہوگا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاء ٹیم کی سیمی فائنل میں کامیابی پر بہت خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے پاکستان کی ہاکی کی باگ ڈور سنبھالی تو پاکستان ایشیا میں چھٹے اور دنیا میں آٹھویں نمبر پر تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ ان کا پہلا ہدف ایشیائی کھیل ہیں اور وہ شکر گزار ہیں کہ وہ اس ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔