اولمپکس: بیس لاکھ ٹکٹوں کے خواہاں

اولمپکس مقابلوں کے چھیاسٹھ لاکھ ٹکٹوں کی فروخت مارچ دو ہزار گیارہ کو شروع ہو گی۔
،تصویر کا کیپشناولمپکس مقابلوں کے چھیاسٹھ لاکھ ٹکٹوں کی فروخت مارچ دو ہزار گیارہ کو شروع ہو گی۔
وقت اشاعت

لندن اولمپکس کے منتظمین کا کہنا ہے کہ بیس لاکھ افراد نے دو ہزار بارہ میں ہونے والے مقابلوں کے ٹکٹوں کے حصول کے لیے دلچسپی ظاہر کی ہے۔

لندن اولمپکس کے چیف ایگزیکٹو پال ڈیٹن کا کہنا ہے کہ منتظمین ٹکٹوں کی سیل کے ساتھ ساتھ اٹھاسی لاکھ افراد کے بیٹھنے کے انتظامات کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

لندن اولمپکس کے منتظمین کو پچیس فیصد ریوینیو ٹکٹوں کی فروخت سے اور دو ارب پاؤنڈ پرائیویٹ سیکٹر سے اکٹھے کرنا ہیں۔

اولمپکس مقابلوں کے چھیاسٹھ لاکھ ٹکٹوں کی فروخت مارچ دو ہزار گیارہ کو شروع ہو گی۔

لندن اولمپکس کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ یہ اب بہت بڑا کام ہے اور اس کے انتظامات بڑے پیمانے پر کرنا ہوں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ جب ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے جائیں گے تو اس وقت تک پندرہ لاکھ کے لگ بھگ شائقین منتظمین کے ڈیٹا بیس میں اندراج کرا چکے ہوں گے۔

لندن اولمپکس کے منتظمین نومبر دو ہزار چار کو کیے گئے اس وعدے سے پھر گئے ہیں کہ ٹکٹوں کی قیمتیں پندرہ پاؤنڈ سے شروع ہوں گی اور فروخت کیے جانے والے ٹکٹوں میں سے نصف پندرہ پاؤنڈ سے کم قیمت پر فروخت کیے جائیں گے۔

اس کے برعکس اب ٹکٹوں کی کم از کم قیمت بیس پاؤنڈ رکھی گئی ہے جبکہ سب سے مہنگی ٹکٹ سو میٹر دوڑ کی ہو گی جو سات سو پچیس پاؤنڈ میں فروخت کی جائے گی۔

افتتاحی تقریب کے لیے ٹکٹوں کی قیمت دو ہزار بارہ پاؤنڈ مقرر کی گئی ہے۔

مسٹر پال ڈیٹن کا کہنا ہے کہ انہیں ضرورت کے پیش نظر ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی بیشی کرنا پڑی ہے۔

’جو لوگ اب کہہ رہے ہیں کہ ٹکٹ سستے نہیں ہیں وہی ہمیں ٹکٹوں سے مطلوبہ رقم حاصل نہ کر سکنے کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنا رہے ہوتے۔‘