انگلینڈ جیت گیا، ایشز کا کامیاب دفاع

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو 258 رنز پر آؤٹ کر کے ایشز کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے یہ میچ ایک اننگز اور 157 رنز سے جیت لیا ہے۔
<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport/hi/english/static/cricket/statistics/scorecards/2010/12/85864/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>
انگلینڈ نے پہلی کامیابی دن کے آغاز میں ہی حاصل کر لی تھی جب ٹریملیٹ نے جونسن کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد ہادن اور سِڈل نے تیز اننگز کھیلی لیکن آخر کار سِڈل سوان کا نشانہ بنے اور ایک اونچا شاٹ لگاتے ہوئے 258 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے فوراً بعد بریسنن نے ہیلفنہوس کو بھی صفر پر آؤٹ کر دیا۔
آسٹریلیا کے ریان ہیرس زخمی ہونے کی وجہ سے کھیلنے کے لیے نہیں آئے۔

چوبیس سالوں میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ انگلینڈ نے ایشز ٹرافی کا کامیاب دفاع کیا ہے اور پچاس سالوں میں پہلی مرتبہ ہے کہ انگلینڈ نے ایشز کا دفاع کرتے ہوئے اتنی بڑی فتح حاصل کی ہے۔
تیسرے روز کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے اور اس نے صرف ایک سو انہتر رن بنائے تھے۔
آسٹریلیا بڑے آرام سے سکور کوایک وکٹ کے نقصان پر 99 تک لے جانے میں کامیاب ہو گیا تھا جب ٹم بریسنن نے کھیل کے آخری سیشن میں آسٹریلیا کے مڈل آرڈر کو تباہ کر دیا اور صرف پانچ رنز کے عوض تین قیمتی وکٹ حاصل کر لیے۔
انگلینڈ اس میچ میں کھیل پر چھایا رہا اور پہلے 513 رنز بنا کر آسٹریلیا پر نا صرف 415 رنز کی پہلی اننگز کی برتری حاصل کی بلکہ آسٹریلیا کے چھ اہم کھلاڑی بھی آؤٹ کر ڈالے۔
انگلینڈ کی طرف سے بریسنن سب سے کامیاب بولر رہے اور انہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں جوناتھن ٹراٹ کی عمدہ اننگز کی بدولت آسٹریلیا کے 98 رنز کے جواب میں 513 رنز بنائے اور پہلی اننگز میں آسٹریلیا پر 415 رنز کی برتری حاصل کی۔
ٹراٹ 168 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

تیسرے روز کی پہلی وکٹ وکٹ کیپر میٹ پرائر کی تھی جو 85 رنز بنا کر سِڈل کی گیند پر پونٹنگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد برسنن 4، سوان 22، ٹریمیلٹ 4 اور اینڈرسن 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی طرف سے سِڈل نے چھ، جبکہ جونسن اور ہیلفنہوس نے دو دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔
آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں صرف اٹھانوے رنز سکور کر سکی تھی۔ انگلینڈ نے پہلے دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے ایک سو ستاون رنز بنائے تھے۔
ایشز کا دوسرا میچ انگلینڈ نے جبکہ تیسرا میچ آسٹریلیا نے جیت لیا تھا۔ پہلا میچ برابری پر ختم ہوا تھا۔
انگلینڈ گزشتہ دو ایشز سیریز میں فاتح رہا ہے۔
انگلینڈ کی ٹیم: اے جے سٹراس (کپتان)، اے این کک، آئی جے ایل ٹراٹ، کے پی پیٹرسن، پی ڈی کولنگوڈ، آئی آر بیل، ایم جے پرائر (وکٹ کیپر)، ٹی ٹی بریسنن، جی پی سوان، سی ٹی ٹریملٹ، جے ایم اینڈرسن۔
آسٹریلیا کی ٹیم: آر ٹی پونٹنگ (کپتان)، ایس آر واٹسن، پی جے ہیوز، ایم جے کلارک، ایم ای کے ہسی، ایس پی ڈی سمتھ، بی جے ہادن (وکٹ کیپر)، ایم جی جونسن، آر جے ہیرس، پی ایم سِڈل، بی ڈبلیو ہلفینہوس۔















