وقار اور آفریدی گواہی دیں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وقار اور آفریدی کو ٹرائبیونل کے سامنے پیش ہونے کی اجازت دے دی ہے
،تصویر کا کیپشنپاکستان کرکٹ بورڈ نے وقار اور آفریدی کو ٹرائبیونل کے سامنے پیش ہونے کی اجازت دے دی ہے
وقت اشاعت

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ وقار یونس اور ون ڈے کپتان شاہد آفریدی تین پاکستانی کرکٹرز کے خلاف سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کرنے والے ٹرائبیونل کے سامنے گواہ کے طور پر پیش ہوں گے۔

سلمان بٹ، محمد عامر اور محمد آصف کے خلاف یہ ٹرائبیونل چھ سے گیارہ جنوری تک قطر کے شہر دوہا میں سماعت کر رہا ہے ۔

آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی ہے کہ وہ ون ڈے کپتان شاہد آفریدی اور کوچ وقار یونس کو سپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے ٹرائبیونل کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کرے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کو ٹرائبیونل کے سامنے پیش ہونے کی اجازت دے دی ہے تاہم یہ فیصلہ دونوں کی مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا کہ وہ براہ راست ٹرائبیونل کے سامنے پیش ہوں گے یا ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ٹرائبیونل ان سے سوال جواب کرے گا۔

شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی سیریز ختم ہونے پر وطن واپس آ چکے ہیں البتہ وقار یونس سماعت کی تاریخوں میں پہلے ٹیسٹ کے دوران مصروف ہوں گے جو سات جنوری سے ہملٹن میں شروع ہوگا۔

وقاریونس، شاہد آفریدی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق سکیورٹی افسر میجر خواجہ نجم پہلے ہی اپنے تحریری بیانات آئی سی سی کے انٹی کرپشن ٹرائبیونل کے حوالے کر چکے ہیں۔

سلمان بٹ نے اس مقدمے میں بھارتی نژاد برطانوی وکیل یاسین پٹیل کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں جو گزشتہ دنوں پاکستان آئے تھے تاہم وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔

محمد عامر کی وکالت شاہد کریم کر رہے ہیں جب کہ محمد آصف کے وکیل ایلن الیگزینڈر کیمرون ہیں جو برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے بڑے بھائی ہیں۔