تندولکر زخمی ہو کر وطن واپس

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اہم ترین ارکان میں شمار ہونے والے بلے باز سچن تندولکر زخمی ہونے کی وجہ سے جنوبی افریقہ کا دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس چلے گئے ہیں۔
ورلڈ کپ کے آغاز سے چند ہفتے قبل سچن کا زخمی ہونا بھارتی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا سمجھا جا رہا ہے۔
تندولکر سنیچر کو جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے میچ میں بیٹنگ کرتے ہوئے ہیم سٹرنگ میں چوٹ کا شکار ہوئے تھے اور وہ میدان میں فیلڈنگ کے لیے بھی نہیں آئے تھے۔
بھارت انیس فروری سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اپنی پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان پیر کو کرنے والا ہے۔
سینتیس سالہ سچن تندولکر نے اب تک چار سو چوالیس ایک روزہ میچ کھیلے ہیں اور انہوں نے ان میچوں میں سترہ ہزار چھ سو انتیس رنز سکور کیے ہیں جو خود ایک عالمی ریکارڈ ہے۔
وہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے واحد کرکٹر ہیں۔
.بھارت نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے لیے تندولکر کا متبادل نہ منگوانے کا فیصلہ کیا ہے اور اب بقیہ تین میچوں کے لیے ان کے پاس مرلی وجے کی شکل میں صرف ایک ہمہ وقتی اوپنر موجود ہے۔
بھارتی اوپنرز وریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر پہلے ہی زخمی ہو کر جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔















