میچ بے نتیجہ، سیریز پاکستان کے نام

مصباح الحق نے اس سیریز میں تین نصف سنچریاں بنائیں
،تصویر کا کیپشنمصباح الحق نے اس سیریز میں تین نصف سنچریاں بنائیں
وقت اشاعت

ویلنگٹن میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا ہے اور یوں دو میچوں کی سیریز پاکستان نے ایک صفر سے جیت لی ہے۔

ہیملٹن میں کھیلا گیا ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے دس وکٹوں سے جیتا تھا اور پاکستان سات سال بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔

<link type="page"><caption> میچ کا تفصیلی سکور کارڈ</caption><url href="http://news.bbc.co.uk/sport/hi/english/static/cricket/statistics/scorecards/2011/01/86236/html/scorecard.stm" platform="highweb"/></link>

<link type="page"><caption> دوسرے ٹیسٹ کا آخری دن: تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/sport/2011/01/110119_wellington_day5_pics_zs.shtml" platform="highweb"/></link>

دوسرے ٹیسٹ کے آخری دن نیوزی لینڈ نے پاکستان کو فتح کے لیے دو سو چوہتر رن کا ہدف فراہم کیا تھا لیکن کھیل کے اختتام تک پاکستانی ٹیم پانچ وکٹ کے نقصان پر دو سو چھبیس رن بنا سکی۔

پاکستان کی جانب سے مصباح الحق ستّر اور عدنان اکمل دو رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

یونس خان نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری بنائی
،تصویر کا کیپشنیونس خان نے دوسری اننگز میں بھی نصف سنچری بنائی

کھیل کے آخری دو سیشنز میں پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور یوں لگتا تھا کہ پاکستانی ٹیم یہ میچ جیتنے کی کوشش ہی نہیں کر رہی۔

پاکستانی اننگز کی خاص بات کپتان مصباح الحق اور یونس خان کی نصف سنچریاں تھیں۔یونس اور مصباح کے درمیان چوتھی وکٹ کے لیے ایک سو اٹھارہ رن کی شراکت ہوئی۔ان دونوں بلے بازوں نے پہلی اننگز میں بھی نصف سنچریاں بنائی تھیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کرس مارٹن اور ٹم سودی نے دو، دو جبکہ ڈینیئل ویٹوری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پہلی اننگز میں ڈینیئل ویٹوری کی سنچری کی بدولت 356 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں تین سو چھہتر رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

کرس مارٹن نے دوسری اننگز میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے
،تصویر کا کیپشنکرس مارٹن نے دوسری اننگز میں دو پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے

دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ نے دو سو ترانوے رن بنا کر فتح کے لیے پاکستان کو نوے اوورز میں دو سو چوہتر رنز کا ہدف فراہم کیا تھا۔

ٹیسٹ سیریز کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بائیس جنوری سے شروع ہوگی۔

یہ پانچ سال میں پہلا موقع ہے کہ پاکستان کوئی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے سنہ 2006 میں ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ سیریز میں ہرایا تھا۔

نیوزی لینڈ ٹیم: مارٹن گپتل، برینڈن میککلم، ولیمسن، راس ٹیلر، جیسی رائیڈر، جیمز فرینکلن، ینگ، ڈینیئل ویٹوری، ٹم سودی، آرنل اور کرس مارٹن۔

پاکستان ٹیم: محمد حفیظ، توفیق عمر، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، عدنان اکمل، عبدالرحمان، عمر گل، تنویر احمد اور وہاب ریاض۔