’تھارپیڈو‘ کی پُول میں واپسی

تھارپ نے سڈنی اولمپکس میں تین اور ایتھنز اولمپکس میں دو طلائی تمغے جیتے تھے
،تصویر کا کیپشنتھارپ نے سڈنی اولمپکس میں تین اور ایتھنز اولمپکس میں دو طلائی تمغے جیتے تھے
وقت اشاعت

اولمپکس میں پانچ طلائی تمغے جیتنے والے آسٹریلوی تیراک ایئن تھارپ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ ختم کر کے سنہ 2012 کے لندن اولمپکس میں حصہ لینا چاہتا ہوں۔

اٹھائیس سالہ آسٹریلوی تیراک نے سنہ 2006 میں ریٹائرمنٹ لی تھی۔

تھارپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا فیصلہ لندن میں سوئمنگ مقابلوں کے لیے بنائے گئے پول کو دیکھ کر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ’انتہائی شاندار اور بہترین ہے‘۔

تھارپیڈو کے نام سے مشہور تیراک نے سنہ 2000 کے سڈنی اولمپکس میں تین اور چار برس بعد ایتھنز اولمپکس میں مزید دو طلائی تمغے جیتے تھے۔ اس کے علاوہ وہ گیارہ ورلڈ ٹائٹلز اور دولتِ مشترکہ کھیلوں میں دس طلائی تمغے جیت چکے ہیں۔

سڈنی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایئن تھارپ نے کہا کہ ’یہ ایسا کچھ نہیں جو جلد بازی میں کیا گیا ہو۔ میں نے یہ فیصلہ گزشتہ ستمبر میں کیا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں پول میں صرف فٹ رہنے کے لیے نہیں اترا ہوں۔ میں دوبارہ اسی مقام پر واپس جانا چاہتا ہوں جہاں میں سب سے اعلٰی درجے کے مقابلوں میں شریک ہو سکوں‘۔

اگر تھارپ لندن اولمپکس میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو انہیں سوئمنگ آسٹریلیا کے پاس رواں برس مئی تک رجسٹر ہونا پڑے گا تاکہ وہ مارچ 2010 میں آسٹریلیا کے اولمپکس ٹرائلز میں حصہ لے سکیں۔

آسٹریلوی سوئمنگ ٹیم کے ہیڈ کوچ لیہ نگنٹ نے کہا ہے کہ تھارپ کا چار سو میٹر مقابلوں کے لیے تیار ہونا کافی مشکل ہے ’لیکن میں یہ نہیں کہوں گا کہ وہ یہ نہیں کر سکتا‘۔