’تین کے جانے سے فرق نہیں پڑےگا‘

تین کرکٹرز کے جانے سے ٹیم میں بہت زیادہ فرق نہیں آیا ہے:وقار
،تصویر کا کیپشنتین کرکٹرز کے جانے سے ٹیم میں بہت زیادہ فرق نہیں آیا ہے:وقار
وقت اشاعت

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی اور کوچ وقاریونس کا کہنا ہے کہ مشکل وقت سے گزرنے کے بعد اب نظریں صرف اور صرف ورلڈ کپ پر ہیں۔

وقاریونس نے بی بی سی کے عبدالرشید شکور سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو ذہنی طور پر تیار کر لیا گیا تھا کہ ان تینوں کرکٹرز کے بغیر بھی کرکٹ کھیلنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کو کافی وقت ہو چکا ہے اور کھلاڑی اب سب کچھ بھلا کر کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔

وقاریونس نے کہا کہ ’دو تین کھلاڑیوں کے آنے سے ٹیم نہ بہت بڑی ہوجایا کرتی ہے نہ دو تین کے جانے سے بہت کمزور ہوجایا کرتی ہے۔ان تین کرکٹرز کے جانے سے ٹیم میں بہت زیادہ فرق نہیں آیا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس واقعے سے ملک کی بدنامی زیادہ ہوئی۔اب کھلاڑی ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے بہت پرجوش ہیں اور انہیں امید ہے کہ یہ کھلاڑی قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے‘۔

ادھر پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے بی بی سی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ ٹیم گزشتہ دنوں مشکل صورتحال سے گزری ہے اسے متحد کرنے اور وننگ کامبی نیشن کی شکل دینے کے لیے بہت زیادہ کوششیں کی گئی ہیں اور اس ٹیم میں کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت موجود ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ اس ٹیم کا سب سے مثبت پہلو اس کا متحد ہونا ہے جس طرح وہ نیوزی لینڈ میں کھیلی ہے اگر اسی طرح کھیلی تو ضرور جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈنگ اور پاور پلے پر توجہ دینی کی ضرورت ہے۔

پاکستانی ٹیم ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ تیئس فروری کو کینیا کے خلاف کھیلے گی۔