آئرلینڈ نے زمبابوے کو ہرا دیا

بوتھا نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا
،تصویر کا کیپشنبوتھا نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا
وقت اشاعت

ورلڈ کپ 2011 کے آغاز سے قبل ورام اپ میچز کا سلسلہ جاری ہے اور منگل کو کھیلے جانے والے میچوں میں آئرلینڈ نے زمبابوے کو چار وکٹ سے شکست دے دی ہے۔

ناگپور میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں زمبابوے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو چوالیس رنز بنائے۔

زمبابوے کی اننگز کی خاص بات چگمبورا کی عمدہ سنچری تھی، انہوں نے ایک سو تین رن بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ چگمبورا کے علاوہ تائبو نے پینتالیس رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

آئرلینڈ کی جانب سے بوتھا اور جانسن دو، دو وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر رہے۔

245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ صرف ایک سکور پر گرگئی تھی۔ تاہم بوتھا اور اوبرائن کی ذمہ دارانہ بلے بازی نے آئرش ٹیم کو آخری اوور میں فتح دلوائی۔

کلارک اور پونٹنگ نے نصف سنچریاں سکور کیں
،تصویر کا کیپشنکلارک اور پونٹنگ نے نصف سنچریاں سکور کیں

ان دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ بوتھا اناسی رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ اوبرائن نے باسٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلور میں کھیلے گئے ایک اور وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے فتح کے لیے جنوبی افریقہ کو دو سو اٹھارہ رن کا ہدف فراہم کیا ہے۔

آسٹریلوی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے اڑتالیسویں اوور میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مائیکل کلارک اور رکی پونٹنگ کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔

کلارک نے تہتر رنز بنائے جبکہ پونٹنگ پچپن رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے پیٹرسن اور ڈیل سٹین نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ یہ دوسرا موقع ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ میں آسٹریلیا ایک بڑا سکور کرنے میں ناکام رہا ہے۔ اس سے قبل بھارت کے خلاف پہلے وارم اپ میچ میں آسٹریلوی ٹیم 216 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک سو چھہتر رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔