سری سنت حدود پار نہ کریں: دھونی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے متنازعہ فاسٹ بالر ایس سری سنت کو خبردار کیا ہے کہ عالمی کپ کے دوران حدود پار نہ کریں۔
دھونی نے سری سنت سے کہا ہے کہ کھیل کے میدان پر اگر کسی کو مشتعل کرنا ہے تو حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو کریں، اپنے ہی ساتھیوں کو نہیں۔
سری سنت بہت جذباتی کھلاڑی ہیں اور کھیل کے دوران اکثر کچھ ایسا کہہ یا کر جاتے ہیں جس پر تنازعہ پیدا ہو جاتا ہے۔ ان کے جارحانہ اور قابل اعتراض رویے کی وجہ سے ان کے خلاف ماضی میں کئی مرتبہ کارروائی بھی کی جاچکی ہے۔
سری سنت کو عالمی کپ کے لیے بھارتی دستے میں شامل نہیں کیا گیا تھا لیکن فاسٹ بالر پروین کمار کے پوری طرح فٹ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دھونی نے کہا ’میں نے ان سے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ وہ حدود پار نہ کریں۔ اوراگر کسی کو پریشان کرنا ہے تو حریف ٹیم کے کھلاڑی کو کریں، اپنے ساتھیوں کو نہیں۔‘
سری سنت اور سپنر ہربھجن سنگھ کے درمیان ایک مرتبہ کھیل کے میدان پر بات اتنی بگڑ گئی تھی کہ ہر بھجن نے انہیں چانٹا مار دیا تھا۔ لیکن کچھ دنوں بعد دونوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ انہوں نے اپنے اختلافات ختم کر لیے ہیں۔

دھونی نے کہا کہ اگر سری سنت خود کو قابو میں رکھتے ہیں تو انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، وہ میدان پر جو چاہیں کر سکتے ہیں۔ بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کرتی رہی ہیں کہ دھونی زیادہ جذباتی ہونے کی وجہ سے سری سنت کو پسند نہیں کرتے۔
عالمی کپ کے لیے بھارت کے پہلے وارم اپ میچ میں سری سنت نے آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کی طرف اشارہ کیا تھا لیکن دھونی کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں سری سنت کے رویے پر انہیں کوئی شکایت نہیں ہے۔
دھونی نے کہا کہ تھوڑی بہت کہا سنی تو چلتی رہتی ہے لیکن کچھ حدود ہوتی ہیں جنہیں پار نہیں کیا جانا چاہیے۔
مبصرین کے مطابق سری سنت کو اگر وارننگ دی بھی گئی ہے تو دھونی کو اس کا ذکر پریس کانفرنس میں نہیں کرنا چاہیے تھا کیونکہ دوسری ٹیمیں اب سری سنت کو اکسانے کی کوشش کرسکتی ہیں اور اس کا سری سنت اور ٹیم دونوں کے کھیل پر اثر پڑ سکتا ہے۔















