بنگلور:کرکٹ شائقین اور پولیس میں تصادم

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارت کے شہر بنگلور میں ورلڈ کپ کے مقابلوں کے ٹکٹ خریدنے کے لیے جمع ہونے والے شائقین اور پولیس میں تصادم ہوا ہے۔
یہ واقعہ جمعرات کی صبح بنگلور کے چناسوامی سٹیڈیم کے باہر پیش آیا اور ٹی وی پر دکھائی جانے والی تصاویر میں پولیس اہلکاروں کو شائقین پر لاٹھیاں برساتے دکھایا گیا ہے۔
ٹکٹ خریدنے کے لیے شائقین بدھ کی رات سے سٹیڈیم کے باہر جمع تھے۔
بنگلور میں سنیچر کو انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں گروپ میچ میں مدِمقابل ہوں گی۔ اس سٹیڈیم میں چالیس ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور اطلاعات کے مطابق صرف آٹھ ہزار ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیےگئے ہیں۔
دلّی میں بی بی سی کے سنجے مجمدار کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے منتظمین کے لیے ٹکٹوں کی فروخت ایک بڑا مسئلہ ہے۔ ان کے مطابق عوام کے لیے صرف چند ہزار ٹکٹ ہی رکھے گئے ہیں جبکہ ٹکٹوں کی بڑی تعداد ٹورنامنٹ کے سپانسرز اور اشتہاری شراکت دراوں کو دے دیے گئے ہیں۔
انگلینڈ اور بھارت کا یہ میچ ابتدائی طور پر کلکتہ کے ایڈین گارڈنز میں کھیلا جانا تھا تاہم سٹیڈیم تیار نہ ہونے کی وجہ سے اسے بنگلور منتقل کر دیا گیا تھا۔
آئی سی سی نے بھارتی منتظمین سے ٹکٹوں کی فروخت اور تقسیم میں بدانتظامی کی تحریری شکایت بھی کی ہے۔ بدھ کو آئی سی سی نے عالمی کپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کو ایک خط لکھ کر کہا تھا کہ وہ ٹکٹوں کی خرید میں مبینہ بےضابطگیوں کو جلد سے جلد درست کرے۔
آئی سی سی نے کہا تھا کہ چونکہ فروخت کے لیے فراہم کیے جانے والے ٹکٹوں کی تعداد بہت کم ہے، لہذا باکس آفس سے ٹکٹوں کی فروخت کے دوران ہنگامہ ہوسکتا ہے۔
پیر کے روز ورلڈ کپ کی آفیشل ویب سائٹ پر فائنل کے ایک ہزار ٹکٹ جاری کیے جانے تھے لیکن صرف بیس منٹ میں تقریباً دس لاکھ لوگوں نے لاگ ان کیا جس کی وجہ سے سائٹ کریش کر گئی تھی۔
ریاست کرناٹک کی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور انڈیا کے سابق تیز گیندباز جواگل سری ناتھ نے کہا کہ جب بھی کوئی اچھا میچ ہوتا ہے تو بہت سے لوگ میچ دیکھنا چاہتے ہیں۔گیٹ پر تقریباً چھ ہزار ٹکٹ فروخت کیے گئے ہیں۔
لیکن اس کے بر عکس خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ صرف ایک ہزار ٹکٹ فروخت کے لیے ریلیز کیے گئے ہیں۔ چنا سوامی سٹیڈیم میں پینتالیس ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ سری ناتھ نے کہا کہ ہم اب بھی بی سی سی آئی اور آئی سی سی سے ٹکٹوں کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں لیکن اس صورت میں بھی ہم صرف انٹرنیٹ کے ذریعہ ہی ٹکٹ فروخت کریں گے۔















