ورلڈ کپ کی چٹ پٹی خبریں

وقت اشاعت

سمتھ کی ناراضگی

جنوبی افریقہ کے کپتان اس بات پر ناراض ہیں کہ ہر پریس کانفرنس میں ان سے ایک ہی سوال ضرور کیوں کیا جاتا ہے اور وہ یہ کہ ان کی ٹیم ورلڈ کپ میں اہم مراحل پر ہمت کیوں ہار جاتی ہے۔

دلّی میں جب ایک صحافی نے ان سے یہ سوال پوچھا تو سمتھ بولے کہ ’کیا آپ کبھی میدان میں اترے ہیں؟ کیا آپ یہ سب سمجھتے ہیں؟ جب کبھی ہم پریس کانفرنس کرتے ہیں تو ہمیں پتہ ہوتا ہے کہ یہ سوال پوچھا جائے گا۔

سوان شور سے پریشان

انگلینڈ کے سپنر گریم سوان کی خواہش ہے کہ ان کی ٹیم اتوار کو بنگلور میں بھارت کے خلاف ایک اچھا آغاز کرے تاکہ سٹیڈیم میں موجود بھارتی شائقین کے ’کان پھاڑ دینے والا شور‘ ختم ہو سکے۔

سلمان کا نیا کیرئر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سپاٹ فکسنگ کے الزام میں دس برس کی پابندی کا سامنا کرنے والے سلمان بٹ نے بطور ٹی وی مبصر ایک پاکستانی ٹی وی پر کام شروع کر دیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے چینل فائیو نامی اس ٹی وی پر اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ ’ٹی وی پر اپنے خیالات کا اظہار کرنا شاندار چیز ہے‘۔

آتھرٹن کی یادیں

رکی پونٹنگ کی جانب سے ڈریسنگ روم میں ٹی وی پر دستانے پھینکنے کے واقعے نے سابق انگلش کپتان مائیکل آتھرٹن کو بھی ایسے ہی واقعات یاد کروائے ہیں۔ آتھرٹن کہتے ہیں کہ میں نے (ڈربی شائر کے ڈریسنگ روم میں) غسل خانے کی دیوار، (کیپ ٹاؤن میں) دیوار پر نصب شیشے اور (پورٹ الزبتھ) میں فریج اور فریزر کو نقصان پہنچایا تھا۔

صرف ایک شرط

آئرلینڈ میں جوا کھلانے والی کمپنی پیڈی پاور کے پاس ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل صرف ایک شخص نے اس بات پر شرط لگائی کہ رکی پونٹنگ اس ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے باز ہوں گے۔ رکی پونٹنگ نے گزشتہ چار ورلڈ کپ فائنلز میں دو سو چالیس رن بنائے تھے اور اس بار پیڈی پاور نے ان کے لیے 1-25 کا ریٹ دیا ہے۔