ورلڈ کپ کی چٹ پٹی خبریں

وقت اشاعت

بچپن کے میچ یاد آگئے

کیون اوبرائن پر انڈین پریمئر لیگ میں شامل ٹیموں نے نظریں جما لی ہیں
،تصویر کا کیپشنکیون اوبرائن پر انڈین پریمئر لیگ میں شامل ٹیموں نے نظریں جما لی ہیں

انگلینڈ کے خلاف آئرلینڈ کی یادگار فتح کے ہیرو کیون اوبرائن کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ نے انہیں اپنا بچپن یاد دلا دیا جب وہ اپنے بڑے بھائی نیل کے ہمراہ باغیچے میں کھیلتے ہوئے ایسی دھواں دھار بیٹنگ کرتے تھے۔

اوبرائن پر آئی پی ایل کی نظر

بھارتی اخبار کے مطابق ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین سنچری بنانے والے آئرلینڈ کے کیون اوبرائن پر انڈین پریمئر لیگ میں شامل ٹیموں نے نظریں جما لی ہیں اور انہیں آئندہ ماہ شروع ہونے والے ٹورنامنٹ کے اگلے ایڈیشن کے لیے بھی لیا جا سکتا ہے۔

ہسی واپسی کے لیے بےچین

مائیک ہسی ہیمسٹرنگ انجری سے صحتیاب ہو چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنمائیک ہسی ہیمسٹرنگ انجری سے صحتیاب ہو چکے ہیں

آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ ہسی کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی مائیکل ہسی ٹیم میں واپسی کے لیے ’بےچین‘ ہیں۔ آسٹریلیا نے ابھی تک ڈگ بولنجر کی جگہ متبادل کھلاڑی کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے جبکہ زخمی ہونے کی وجہ سے سکواڈ سے باہر ہونے والے ہسی بھی اب صحتیاب ہو چکے ہیں۔

آئرلینڈ کے پرسکون کرکٹرز

انگلش ٹیموں کے سابق کپتانوں نے جہاں اپنی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے وہیں آئرش ٹیم کی تعریف میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی۔ جہاں مائیکل وان نے انگلینڈ کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائے ورنہ ورلڈ کپ جیتنے کا خیال دل سے نکال دے وہیں ناصر حسین کا کہنا ہے کہ ایسے ٹھنڈے دماغ کے حامل اور پرسکون کرکٹرز تیار کرنے پر آئرلینڈ قابلِ تعریف ہے۔

مرلی کو افسوس ہے

سری لنکا کے آف سپنر مرلی دھرن کے مینیجر کے مطابق انہیں اس بات پر افسوس ہے کہ وہ آسٹریلیا کے نوآموز سپن بولرز کو تربیت دینے کے پروگرام کا حصہ نہیں بن پائیں گے۔

سری لنکن پولیس کے چھاپے

سری لنکن پولیس نے جمعرات کو پندرہ افراد کو گرفتار کر کے 2011 کرکٹ ورلڈ کپ سے متعلقہ سینکڑوں نقلی اور جعلی اشیاء برآمد کر لیں۔

پولیس نے کولمبو اور گردونواح میں چھاپوں کے دوران یہ اشیاء برآمد کیں جن میں ٹی شرٹس، ٹوپیاں اور دیگر یادگاری چیزیں شامل ہیں۔ یہ کارروائی آئی سی سی کی شکایت پر کی گئی تھی۔