ورلڈ کپ کی چٹ پٹی خبریں
شین کی پیشنگوئی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلین سپنر شین وارن کی جانب سے ورلڈ کپ میں بھارت اور انگلینڈ کے میچ سے قبل اس کے ’ٹائی‘ ہونے کی پیشنگوئی کا معاملہ آئی سی سی کے اگلے اجلاس میں اٹھائیں گے۔
الزامات مضحکہ خیز ہیں
سری لنکا کے آف سپنر مرلی دھرن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں آسٹریلوی اور سری لنکن کھلاڑیوں پر سپاٹ فکسنگ کے الزامات مضحکہ خیز ہیں جبکہ آسٹریلوی وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کا جنہیں آسٹریلوی ٹیم پر سپاٹ فکسنگ الزامات کا مرکزی کردار کہا جا رہا ہے، کہنا ہے کہ یہ الزامات ایسے ہیں کہ ان پر صرف ہنسا ہی جا سکتا ہے۔
جیت کی امید باقی ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
آئرلینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست کے باوجود انگلش ٹیم کے سپنر گریم سوان کا ماننا ہے کہ ان کی ٹیم اب بھی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔ انہوں نے برطانوی شائقین کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’اگر ہم خود یہ سوچنے لگیں کہ ہم باعثِ شرمندگی ہیں جیسا کہ ٹوئٹر پر آدھے سے زیادہ لوگ سمجھتے ہیں تو ہمارے کھیلنے کا کوئی جواز ہی نہیں‘۔
بھائی کو لے کر آئیں
آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ ہسی نے سلیکٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ ان کے بھائی مائیکل ہسی کو بولنجر کی جگہ ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کریں چاہے اس کے سکواڈ کے غیرمتوازن ہونے کا خطرہ ہی کیوں نہ ہو۔















