ورلڈ کپ کی چٹ پٹی خبریں
میچ کی وجہ سے عام تعطیل

،تصویر کا ذریعہFocus bangla
پیر کو چٹاگانگ میں بنگلہ دیشی حکام نے عام تعطیل کا اعلان کیا تاکہ شہری نیدرلینڈز کے خلاف اپنی ٹیم کو سٹیڈیم میں جا کر کھیلتے دیکھ سکیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے بھی اپنے شائقین کو مایوس نہیں کیا اور میچ چھ وکٹ سے جیت لیا۔
پوٹرفیلڈ کو تنبیہ
آئی سی سی نے آئرلینڈ کے کپتان ولیم پوٹرفیلڈ کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کے بعد امپائر کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنانے پر تنبیہ کی ہے۔ پوٹر فیلڈ نے اس میچ میں ایل بی ڈبلیو کے ایک غلط فیصلے کو اپنی ٹیم کی شکست کی وجہ قرار دیا تھا۔
بھارتی ٹیم میں تبدیلیاں

بھارت ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ کے لیے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرنے والا ہے۔ اس میچ میں سریش رائنا اور سپنر روی چندرن ایشون کی شمولیت یقینی ہے جبکہ یوسف پٹھان، اشیش نہرا اور مناف پٹیل کی جگہ خطرے میں ہے۔
جانسٹن کی واپسی
آئرلینڈ کے زخمی آل راؤنڈر ٹرینٹ جانسٹن صحتیابی کے بعد منگل کو جنوبی افریقہ کے خلاف اہم میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے تاہم فوڈ پوائزننگ کا شکار ہونے والے آل راؤنڈر آندرے بوتھا کی اس میچ میں شرکت مشکوک ہے۔
غصہ اور جرمانہ دونوں غلط

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
انگلش آف سپنر گریم سوان نے تسلیم کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اوس کی وجہ سے گیند گیلی ہونے پر ان کا غصہ کرنا صحیح نہیں تھا لیکن انہیں یہ بھی لگتا ہے کہ انہیں جرمانہ نہیں کیا جانا چاہیےتھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جہاں زیادہ اوس گرتی ہے وہاں ڈے نائٹ میچ نہیں کھیلے جانے چاہیئیں۔
ٹیسٹ کرکٹ سے اخراج کا اثر
زمبابوے کے کوچ ایلن بچر کا کہنا ہے کہ سنہ 2005 میں زمبابوے کا ٹیسٹ کرکٹ سے اخراج اس ورلڈ کپ میں ان کی ٹیم کی خراب بیٹنگ کارکردگی کی ایک وجہ ہے۔
فرق نہیں پڑتا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کے تینوں سپنر کینیا کے خلاف میچ میں وکٹ لینے میں ناکام رہے۔ ادھر کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو جیمز سدرلینڈ کا کہنا ہے کہ فی الحال رکی پونٹنگ کی کپتانی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔















