ورلڈ کپ کی چٹ پٹی خبریں
پیٹ میں گڑ بڑ

انگلینڈ سپنر گریئم سوان اور کپتان اینڈریو سٹراس جمعرات کو ویسٹ انڈیز کے خلاف نہایت اہم میچ کھیلنے کے لیے فٹ ہیں۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے پیٹ میں گڑ بڑ ہو گئی تھی۔ تاہم دونوں گڑ بڑ سے صحتیاب ہو کر ٹریننگ سیشن کے لیے پہنچ گئے۔ تاہم انگلینڈ کے فاسٹ بولر اجمل شہزاد کی شائد گڑ بڑ کچھ زیادہ ہو گئی تھی کیونکہ وہ یہ میچ نہ کھیل سکیں۔
ہمیں فائدہ ہو گا
ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سمتھ نے امید ظاہر کی ہے کہ کوچ اوٹس گبسن کی انگلینڈ ٹیم کی کمزوریوں کے بارے علم ہونا ویسٹ انڈیز ٹیم کے لیے فائدہ مند ہو گا۔ گبسن دو سال تک انگلینڈ کے بالنگ کوچ رہے ہیں اور اس کے بعد سنہ دو ہزار دس میں ویسٹ انڈیز کے کوچ بنے۔ سیمی کا کہنا ہے ’ہم کل انگلینڈ ٹیم کی کمزوریاں جان کر گراؤنڈ میں اتریں گے اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔‘
’بچوں‘ والا کھیل

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
انگلینڈ کے بیٹسمین جوناتھن ٹروٹ نے ان پر اس تنقید کو مسترد کردیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ’بچوں‘ کی طرح کھیلے تھے۔ ’میرے لیے کوچ اینڈی فلاور جو کہتے ہیں وہ زیادہ اہم بہ نسبت جو کچھ میڈیا میں کہا جاتا ہے۔‘
چھ فٹ سات انچ
جمعرات کو انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے مابین میچ میں کرس ٹریملیٹ شائد اپنا پہلا ورلڈ کپ میچ کھیلیں۔ ان کی ٹیم میں شمولیت جیمز اینڈرسن کی جگہ ہو سکتی ہے۔ یہ بھارت کے شہر چنائی میں کھیلا جائے گا اور اس وکٹ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ چھ فٹ سات انچ لمبے کرس کے لیے بہترین ہے۔
کوئی افسوس نہیں

،تصویر کا ذریعہGetty
جنوبی افریقہ کے مڈل آرڈر بیٹسمین جے پی ڈیومنی کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا افسوس نہیں ہے کہ وہ سنچری نہ بنا سکے۔ چھبیس سالہ ڈیومنی نے آئرلینڈ کے خلاف 131 گیندوں میں 99 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ ’میچ کے آخری مراحل میں میری کوشش تھی کہ چھکے چوکے لگاؤں۔ آپ کو کچھ پتہ نہیں کہ کب چند رنز ہی میچ کا پانسہ پلٹ دیں۔‘
ٹفی کی شمولیت
نیوزی لینڈ نے بتیس سالہ بالر ڈیرل ٹفی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ وہ کائل ملز کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے جو زخمی ہیں۔ ٹفی جمعہ کو نیوزی لینڈ کے سری لنکا کے خلاف میچ میں حصہ لیں گے۔ نیوزی لینڈ پہلے ہی کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔
’انگلینڈ کا ہارنا ضروری‘

ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے مابین میچ میں بنگلہ دیشی ویسٹ انڈیز کی حمایت کریں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کے جیتنے کی صورت میں بنگلہ دیش کے پاس موقع ہو گا کہ وہ کوارٹر فائنل میں پہنچ سکے۔ بنگلہ دیش کے ایک ہوٹل کے ملازم انعام الرحمان نے کہا ’انگلینڈ کا ہارنا بہت ضروری ہے۔‘















